آسمان میں اڑتے جہاز میں اچانک سیلاب، مسافروں کی دوڑیں لگ گئیں

امریکی ایئرلائن فرنٹیئر ایئرلائنز کی ڈینور سے ڈیٹرائٹ جانے والی پرواز کو دوران سفر اس وقت غیر معمولی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جب طیارے کے باتھ روم کے واش بیسن کا نل اچانک خراب ہوگیا اور پانی تیزی سے بہنے لگا۔

امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس کے مطابق پانی طیارے کے اگلے حصے سے نکل کر مسافر کیبن کے فرش اور گزرگاہوں میں پھیل گیا، جس سے جہاز کے اندر پانی جمع ہوگیا اور مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

صورتحال اس وقت مزید تشویشناک ہوگئی جب پائلٹ نے فضائی ٹریفک کنٹرول کو ہنگامی پیغام بھیجا۔ پائلٹ کے مطابق پانی کی بڑی مقدار طیارے کے برقی نظام کو نقصان پہنچا سکتی تھی، جس کے پیش نظر شکاگو کے اوہیر ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:جنگل میں 6 دن، کھانے کو صرف چپس، 17 سالہ نوجوان کی حیران کن کہانی

رپورٹ کے مطابق خوش قسمتی سے طیارے میں موجود ایک مسافر، جو پیشے کے اعتبار سے پلمبر تھا، نے پانی کا بہاؤ روکنے میں مدد فراہم کی۔ تاہم اس وقت تک طیارے کا فرش بھیگ چکا تھا اور پرواز کا رخ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا جا چکا تھا۔

فرنٹیئر ایئرلائنز نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ باتھ روم کے نل میں خرابی کے باعث طیارے کو شکاگو کی جانب موڑنا پڑا۔

طیارے نے اوہیر ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈنگ کی۔ واقعے میں کسی مسافر یا عملے کے رکن کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی، جبکہ مسافروں کو متبادل طیارے کے ذریعے ان کی منزل ڈیٹرائٹ روانہ کردیا گیا۔

editor

Related Articles