خیبر پختونخوا حکومت کا ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 1500 کلو مضرِ صحت گوشت، 2550 کلو جعلی شہد اور بدبودار تیل تلف کر دیا

خیبر پختونخوا حکومت کا ملاوٹ مافیا کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 1500 کلو مضرِ صحت گوشت، 2550 کلو جعلی شہد اور بدبودار تیل تلف کر دیا

خیبر پختونخوا میں نئی حکومت کی ملاوٹ مافیا کے خلاف کارروائیاں تیز، 1500 کلو مضر صحت گوشت، 2550 کلو جعلی شہد اور 250 لیٹر بدبودار تیل برآمد، جعلی شہد تیار کرنے والا گروہ گرفتار، یونٹ سیل۔ چیف سیکرٹری اور گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے خوراک، داخلہ و قبائلی امور اور وومن ایمپاورمنٹ کفایت اللہ کی ہدایات پر فوڈ اتھارٹی نے پشاور  بونیر اور ہری پور میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں کرتے ہوئے انسانی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی۔

ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیموں نے خفیہ اطلاعات پر پشاور کے بس ٹرمینلز پر آدھی رات کو ایک مسافر بس کی چیکنگ کی، جہاں سے تقریباً 1500 کلوگرام مضر صحت اور خراب گوشت کی بڑی کھیپ برآمد ہوئی۔ برآمد شدہ گوشت میں گائے کا گوشت، کلیجی، اوجھڑی اور زبانیں شامل تھیں۔ لیبارٹری تجزیے میں گوشت غیر معیاری اور فوڈ سیفٹی قوانین کے خلاف ثابت ہونے پر اسے موقع پر تلف کردیا گیا جبکہ ذمہ داروں پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔

بونیر میں فوڈ اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گھر میں جعلی شہد تیار کرنے والے گروہ کو پکڑ لیا۔ کارروائی کے دوران 2550 کلوگرام جعلی شہد، 1300 کلوگرام چینی، مصنوعی چھتے اور جعلی شہد کی تیاری میں استعمال ہونے والا دیگر سامان برآمد کرلیا گیا۔ جعلی شہد تیار کرنے والے یونٹ کو سیل کرکے مالکان کے خلاف فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ ملزمان کو جیل منتقل کردیا گیا۔

بونیر ہی میں ایک اور کارروائی کے دوران مشروب میں برکس کی مقدار مقررہ معیار سے کم پائے جانے پر 288 بوتلیں سرکاری تحویل میں لے لی گئیں۔ حکام کے مطابق غیر معیاری مشروبات کی فروخت روکنے کے لیے بھی نگرانی کا عمل جاری ہے۔

یہ بھی پڑھیں:بلاول بھٹو اور میں نظام کی ری سیٹنگ پر تقریباً ایک پیج پر ہیں، صرف سیاست نہیں پورا سسٹم ری سیٹ ہونا چاہیے: محسن نقوی

ادھر ہری پور میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے پاپڑ بنانے والے ایک یونٹ کا معائنہ کیا جہاں فوڈ سیفٹی کے مقررہ ضابطوں اور ایس او پیز کی خلاف ورزی سامنے آئی۔ کارروائی کے دوران یونٹ پر بھاری جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ 250 لیٹر مضر صحت اور بدبودار تیل برآمد کرکے تلف کردیا گیا۔

مشیر خوراک کفایت اللہ نے کارروائیوں کو جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ خوراک میں ملاوٹ، جعلی اشیاء کی تیاری اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور انسانی صحت سے کھیلنے والے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔

فوڈ اتھارٹی کی ان کارروائیوں میں بسوں کے ذریعے مضر صحت گوشت کی ترسیل، گھروں میں جعلی شہد کی تیاری اور غیر معیاری خوردونوش اشیاء کی پیداوار جیسے معاملات سامنے آنے کے بعد متعلقہ حکام نے خوراک کے کاروبار سے وابستہ یونٹس کی نگرانی مزید سخت کرنے پر زور دیا ہے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles