جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسد محمود کے اثاثوں اور کاغذاتِ نامزدگی (گوشواروں) میں ظاہر کردہ سالانہ اخراجات پر کرک کے شہریوں نے شدید تنقید کرتے ہوئے کڑے سوالات اٹھا دیے۔
مقامی شہریوں نے آزاد ڈیجیٹل سے گفتگو میں کہا کہ مولانا اسد محمود نے اپنے گوشواروں میں سالانہ اخراجات صرف ایک لاکھ 20 ہزار روپے ظاہر کیے ہیں، جو کہ زمینی حقائق کے سراسر منافی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ کروڑوں کی جائیدادوں، قیمتی گاڑیوں اور شاہانہ طرزِ زندگی کے مالک سیاستدان کی صرف گاڑیوں کا ماہانہ پٹرول کا خرچہ بھی اس رقم سے کئی گنا زیادہ ہے، ایک لاکھ 20 ہزار روپے میں تو پانچ لاکھ روپے مالیت کا موبائل استعمال کرنے والا اور عیش و عشرت میں رہنے والا شخص ایک دن کا خرچہ بھی پورا نہیں کر سکتا۔
کرک کے عوام نے سوال اٹھایا ہے کہ جب وہ وزارتِ مواصلات میں تھے تو کتنی بھرتیاں کی گئیں اور کرپشن کا بازار کیسے گرم رہا؟ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کی بے نامی جائیدادوں، شاہانہ اخراجات اور گوشواروں کی فی الفور اعلیٰ سطح پر چھان بین کی جائے تاکہ معلوم ہو سکے کہ یہ جھوٹے گوشوارے جمع کرانے والے دراصل قوم کو کیا دکھا رہے ہیں اور ان کی دولت کا اصل منبع کیا ہے۔
عوام کے ٹیکسوں پر عیش و عشرت کی زندگی گزارنے والوں کی جانب سے کاغذی سادگی کا یہ ناٹک اب زیادہ دیر چھپا نہیں رہ سکتا ، جب ملک کا عام شہری مہنگائی اور کسمپرسی کی چکی میں پس رہا ہو، تب حکمرانوں اور طاقتور طبقے کی جانب سے لاکھوں روپے کے موبائل اور شاہانہ اخراجات کو نظرانداز کر کے کاغذوں میں محض چند ہزار روپے سالانہ خرچ ظاہر کرنا عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے مترادف ہے۔
کرک کے شہریوں کا یہ کڑا سوال اب ہر ذی ہوش پاکستانی کی آواز بن چکا ہے کہ مولانا اسد محمود جیسے رہنما کوئی “مقدس گائے” نہیں ہیں، انہیں اپنی بے نامی جائیدادوں، کرپشن اور دولت کے حقیقی منبع کا حساب دینا ہی ہوگا، اور اداروں کو بھی اس ڈھونگ کا نوٹس لے کر اس ناانصافی کا کڑا احتساب کرنا ہوگا۔