کاغذوں کی فائلیں اب الماریوں میں بند، تبدیلی اب نظر آئے گی ، پشاور میں تعلیمی نظام کی کایا پلٹنے کے لیے بڑے فیصلوں کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
صوبے میں عوامی سہولیات کی فراہمی اور سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے کے لیے محکمہ تعلیم کے تمام دفاتر میں واضح اور فوری تبدیلیاں لانے کا حکم دے دیا گیا ہے ، تعلیمی نظام میں بہتری اور انتظامی کارکردگی کو شفاف بنانے کے لیے اٹھائے جانے والے ان اقدامات کے تحت اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
بھرتیوں کا عمل دو ہفتوں میں مکمل کرنے کا حکم
محکمہ تعلیم کے حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ محکمے میں باقی ماندہ تمام بھرتیوں کا عمل آئندہ دو ہفتوں کے اندر ہر صورت مکمل کیا جائے۔ اس حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے باقاعدہ طور پر ہفتہ وار رپورٹ پیش کرنے کا بھی حکم جاری کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ، جی جی آر ایم (GGRM) منصوبے کی سرگرمیوں کی ٹائم لائنز پر نظرثانی کرتے ہوئے نئے شیڈول مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ترقیاتی عمل کو مزید تیز کیا جا سکے۔
محکمہ تعلیم کے جاری اور تمام مکمل شدہ ترقیاتی منصوبوں کو عوام تک پہنچانے کے لیے انہیں میڈیا پر اجاگر کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، اور منصوبوں کی مؤثر تشہیر کی تمام تر ذمہ داری کمیونیکیشن اسپیشلسٹ کے سپرد کر دی گئی ہے۔
پرائیویٹ اسکول ریگولیٹری اتھارٹی اور اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ پر اہم فیصلے
اجلاس کے دوران نجی تعلیمی اداروں کی ریگولیٹری اتھارٹی سے متعلق امور پر غور کرنے کے لیے ایک الگ اجلاس بلانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ سرکاری اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ کے معاملات کو حتمی شکل دینے کے لیے بھی علیحدہ سے اجلاس طلب کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
حکومت کا عزم ہے کہ عوام کو بہتر تعلیمی سہولیات کی فراہمی اور محکمانہ کارکردگی میں تیزی سے شفاف بہتری لائی جائے۔