موبائل سگنلز اور انٹرنیٹ کی شکایت کہاں کریں؟ مکمل طریقہ سامنے آگیا

موبائل سگنلز اور انٹرنیٹ کی شکایت کہاں کریں؟ مکمل طریقہ سامنے آگیا

پاکستان میں موبائل نیٹ ورک، انٹرنیٹ اور دیگر ٹیلی کمیونیکیشن سروسز میں مسائل کا سامنا کرنے والے صارفین کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اہم رہنما ہدایات جاری کردی ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق اگر کسی صارف کو موبائل نیٹ ورک، انٹرنیٹ یا ٹیلی کام کی دیگر سہولتوں میں خرابی کا سامنا ہو تو اسے سب سے پہلے متعلقہ کمپنی کے کسٹمر سروس سینٹر سے رابطہ کرنا چاہیے۔

صارفین کمپنی کی ہیلپ لائن، ویب سائٹ، موبائل ایپ یا کسٹمر سروس سینٹر کے ذریعے اپنی شکایت درج کراسکتے ہیں۔

اتھارٹی نے ہدایت کی ہے کہ شکایت درج کراتے وقت مسئلے کی مکمل تفصیلات فراہم کریں اور کمپنی سے شکایت کا ریفرنس نمبر ضرور حاصل کریں۔ اس کے علاوہ شکایت درج کرانے کی تاریخ اور وقت بھی محفوظ رکھیں تاکہ ضرورت پڑنے پر اس کا ریکارڈ پیش کیا جاسکے۔

کمپنی مسئلہ حل نہ کرے تو کیا کریں؟

پی ٹی اے کے مطابق اگر متعلقہ ٹیلی کام کمپنی مقررہ وقت میں مسئلہ حل نہ کرے یا اس کی جانب سے دیا گیا جواب صارف کے لیے قابلِ قبول نہ ہو تو وہ براہِ راست پی ٹی اے سے رجوع کرسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:واٹس ایپ میں ایسا فیچر آنے والا ہے جس کا صارفین کو طویل انتظار تھا

اس مقصد کے لیے اتھارٹی نے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (CMS) قائم کر رکھا ہے، جہاں آن لائن شکایت درج کرانے کی سہولت موجود ہے۔

پی ٹی اے میں شکایت درج کرانے کے طریقے

صارفین درج ذیل ذرائع سے اپنی شکایت متعلقہ اتھارٹی تک پہنچا سکتے ہیں:

  1. پی ٹی اے کے آن لائن شکایتی پورٹل پر جا کر درخواست جمع کرائیں:
    https://complaint.pta.gov.pk/CMS/

  2. اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین پی ٹی اے CMS موبائل ایپ استعمال کرسکتے ہیں۔

  3. شکایت کے لیے پی ٹی اے کی ہیلپ لائن 0800-55055 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

  4. صارفین پی ٹی اے ہیڈکوارٹرز یا علاقائی دفاتر میں ذاتی طور پر بھی درخواست جمع کراسکتے ہیں۔

پی ٹی اے سے شکایت کرتے وقت اپنی ذاتی معلومات اور متعلقہ ٹیلی کام کمپنی سے حاصل کیا گیا سابقہ شکایت نمبر فراہم کرنا ضروری ہوگا۔

اتھارٹی کے مطابق شکایت پر مؤثر کارروائی کے لیے صارفین پہلے متعلقہ کمپنی سے رابطہ کریں، باقاعدہ شکایت نمبر حاصل کریں اور اگر مسئلہ حل نہ ہو تو پی ٹی اے کے شکایتی نظام سے رجوع کریں۔

editor

Related Articles