سکیورٹی فورسز کی برق رفتار کارروائیوں میں 48 گھنٹوں کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے 74 دہشت گرد ہلاک

سکیورٹی فورسز کی برق رفتار کارروائیوں میں 48 گھنٹوں کے دوران فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے 74 دہشت گرد ہلاک

سکیورٹی فورسز کی خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں بڑی کامیابیاں، 48 گھنٹوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 74 دہشت گرد ہلاک، متعدد ٹھکانے تباہ، بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد، وزیراعظم شہباز شریف کا سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو خراج تحسین۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورکس کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔ گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران خیبرپختونخوا کے علاقوں میر علی اور اورکزئی میں کارروائیوں کے دوران 43 دہشت گرد ہلاک کیے گئے جبکہ بلوچستان میں مزید 31 دہشت گردوں کو انجام تک پہنچا دیا گیا۔ مجموعی طور پر دونوں صوبوں میں ہلاک دہشت گردوں کی تعداد 74 ہوگئی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے میر علی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے 35 دہشت گرد ہلاک کیے گئے جبکہ ضلع اورکزئی میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران مزید 8 خوارج مارے گئے۔ کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود، دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد اور آئی ای ڈیز بھی برآمد کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیں:35 دہشت گردوں کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت کا واضح مظہر ہے گورنر فیصل کریم کنڈی

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بلوچستان کے ضلع کوئٹہ کے علاقے کرم میں سکیورٹی فورسز کا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن جاری ہے، جہاں مختلف جھڑپوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے 31 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔ سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرپختونخوا میں آپریشنز کے بعد علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن کی کارروائیاں جاری ہیں تاکہ دہشت گردوں کے باقی ماندہ عناصر اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔ پاک فوج نے واضح کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک آپریشن عزمِ استحکام پوری رفتار سے جاری رہے گا اور بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کو تباہ کرنے اور بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کرنے پر سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے جوان ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔ وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے امن، سلامتی اور استحکام کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles