ایلن واکر بھی پاکستانی گانے کے دیوانے، ’الفاظ‘ کا نیا ورژن ریلیز کردیا

ایلن واکر بھی پاکستانی گانے کے دیوانے، ’الفاظ‘ کا نیا ورژن ریلیز کردیا

عالمی شہرت یافتہ ڈی جے اور میوزک پروڈیوسر ایلن واکر نے پاکستانی موسیقی کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کی ایک نئی کوشش کرتے ہوئے مقبول گانے ’الفاظ‘ کا نیا ورژن ریلیز کردیا ہے۔

’الفاظ (ری لائٹ)‘ کے نام سے جاری کیے گئے اس نئے گانے میں پاکستانی گلوکار حمزہ ملک اور زین زوہیب نے بھی اپنی آواز کا جادو جگایا ہے۔ اس نئے ورژن پر ایلن واکر نے لاہور میں دونوں پاکستانی گلوکاروں کے ساتھ مل کر کام کیا، جس کے بعد اس گانے کی ریلیز نے پاکستانی موسیقی کے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

ایلن واکر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گانے کی ریلیز کا اعلان کرتے ہوئے اس کا مختصر ٹیزر بھی شیئر کیا۔

یہ بھی پڑھیں:دلجیت دوسانجھ کا کنسرٹ پھر نشانے پر، بم دھماکے کی نئی دھمکی نے کھلبلی مچا دی

اپنے پیغام میں عالمی شہرت یافتہ میوزک پروڈیوسر کا کہنا تھا کہ گانا ’الفاظ‘ لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا ذریعہ بنا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سامعین بھی اس نئے ورژن سے اتنا ہی لطف اندوز ہوں گے جتنا وہ خود اس سے محظوظ ہو رہے ہیں۔

ایلن واکر کی جانب سے ٹیزر جاری کیے جانے کے بعد یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی، جہاں صارفین نئے ورژن کو پسند کرنے کے ساتھ پاکستانی گلوکاروں اور عالمی میوزک پروڈیوسر کے اس اشتراک کو بھی سراہ رہے ہیں۔

اس اشتراک کو پاکستانی موسیقی کے لیے ایک اہم موقع قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ عالمی سطح پر پہچان رکھنے والے فنکار کے ساتھ کام کرنے سے پاکستانی گلوکاروں کو بین الاقوامی سامعین تک پہنچنے کا موقع مل سکتا ہے۔

editor

Related Articles