دلجیت دوسانجھ کا کنسرٹ پھر نشانے پر، بم دھماکے کی نئی دھمکی نے کھلبلی مچا دی

دلجیت دوسانجھ کا کنسرٹ پھر نشانے پر، بم دھماکے کی نئی دھمکی نے کھلبلی مچا دی

بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کے مداحوں کے لیے تشویش ناک خبر سامنے آئی ہے۔ بھارت میں 15 نومبر کو ہونے والے ان کے کنسرٹ کو ایک ہفتے کے دوران دوسری مرتبہ بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی ہے، جس کے بعد مدھیہ پردیش کے 3 بڑے شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مدھیہ پردیش ہائی کورٹ کے گوالیار بینچ کو ایک دھمکی آمیز ای میل موصول ہوئی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کے اسٹیج پر دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد نصب کیا جائے گا۔

دلجیت دوسانجھ کا یہ کنسرٹ اندور کے سی 21 گراؤنڈ میں ان کے ’آورا ٹور‘ کے تحت 15 نومبر کو منعقد ہونا ہے۔ دھمکی آمیز ای میل میں صرف کنسرٹ ہی نہیں بلکہ اندور، گوالیار اور بھوپال کے مختلف اداروں، شخصیات اور مقامات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:رمشا خان کے شوبز چھوڑنے کی اصل وجہ سامنے آگئی، خوشحال خان کا اہم بیان

دھمکی کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں، جبکہ گوالیار ہائی کورٹ کی عمارت اور ججوں کی رہائش گاہوں کے اطراف بھی سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کردیے گئے ہیں۔

پولیس ہیڈکوارٹرز کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس رابن جین نے دھمکی آمیز ای میل موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پیغام میں دلجیت دوسانجھ کے کنسرٹ کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی گئی ہے۔ ای میل میں بعض دیگر اہم اداروں کے نام بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب کنسرٹ کی منسوخی سے متعلق خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے دلجیت دوسانجھ نے واضح کیا ہے کہ پروگرام شیڈول کے مطابق ہوگا اور وہ 15 نومبر کو اندور پہنچیں گے۔

واضح رہے کہ ایک ہفتے کے دوران کنسرٹ کو دوسری مرتبہ دھمکی ملنے کے بعد انتظامیہ کے لیے سیکیورٹی ایک بڑا چیلنج بن گئی ہے۔ تاہم پولیس کی تحقیقات جاری ہیں اور کنسرٹ کے انعقاد سے متعلق گلوکار نے اپنے پروگرام پر قائم رہنے کا اعلان کیا ہے۔

editor

Related Articles