پاکستانی مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل نے سری لنکا کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ تو کیا، تاہم دونوں اننگز میں سنچری کے بالکل قریب پہنچ کر آؤٹ ہونے کے باعث وہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے ایک منفرد مگر ناخوشگوار کلب میں شامل ہو گئے ہیں۔
سعود شکیل سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 93 اور دوسری اننگز میں 97 رنز بنا کر پویلین لوٹے، اس طرح وہ ایک ہی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں “نروس نائنٹیز” کا شکار ہونے والے دنیا کے پانچویں بلے باز بن گئے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ کی تقریباً 150 سالہ تاریخ میں یہ محض چھٹا موقع ہے جب کسی بیٹر کی دونوں اننگز 90 سے 99 رنز کے درمیان اختتام پذیر ہوئیں۔
اعداد و شمار کے مطابق سعود شکیل سے قبل صرف چار بلے باز اس بدقسمت تجربے سے گزرے ہیں، جن میں ویسٹ انڈیز کے عظیم سابق اوپنر گورڈن گرینج واحد کھلاڑی ہیں جن کے ساتھ یہ واقعہ دو بار پیش آیا۔
سعود شکیل سے پہلے آخری مرتبہ اگست 2009 میں سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے اس فہرست کا حصہ بنے تھے، جب وہ کولمبو میں نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 92 اور دوسری اننگز میں 96 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے۔
تاریخ کے اوراق پلٹیں تو گورڈن گرینج پہلی بار مارچ 1977 میں پاکستان کے خلاف جارج ٹاؤن ٹیسٹ میں 91 اور 96 رنز بنا کر سنچریوں سے محروم رہے، جبکہ تین سال بعد فروری 1980 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں 91 اور 97 رنز پر آؤٹ ہو کر دوسری بار اس ناخوشگوار ریکارڈ کی زد میں آئے۔
اسی طرح انگلینڈ کے فرینک وولی جون 1921 میں لارڈز کے تاریخی میدان پر آسٹریلیا کے خلاف 95 اور 93 رنز بنا کر نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے تھے۔ ٹیسٹ تاریخ میں اس نوعیت کا سب سے پہلا واقعہ جنوری 1902 میں پیش آیا تھا، جب آسٹریلوی بیٹر کلیم ہل ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں انگلینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 98 اور دوسری اننگز میں 97 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کلیم ہل کے مجموعی 195 رنز آج بھی ایک ہی ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں نروس نائنٹیز کا شکار ہونے والے بیٹرز میں سب سے بڑا اسکور ہیں، جبکہ سعود شکیل نے سری لنکا کے خلاف مجموعی طور پر 190 رنز جوڑ کر اس منفرد فہرست میں دوسرا سب سے بڑا مجموعہ اپنے نام کر لیا ہے۔