خیبرپختونخوا کے 8 اضلاع میں شدید برفباری کا خدشہ ، پی ڈی ایم اے کا ہنگامی الرٹ جاری

خیبرپختونخوا کے 8 اضلاع میں شدید برفباری کا خدشہ ، پی ڈی ایم اے کا ہنگامی الرٹ جاری

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے رواں موسمِ سرما کے دوران ممکنہ شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر خیبرپختونخوا کے 8 بالائی اضلاع کو باقاعدہ طور پر حساس قرار دے دیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق حساس قرار دیے جانے والے ان اضلاع میں اپر چترال، لوئر چترال، اپر دیر، لوئر دیر، بونیر، سوات، اپر کوہستان اور لوئر کوہستان شامل ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق رواں موسمِ سرما میں صوبے کے ان بالائی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارشوں اور شدید برف باری کا قوی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ 

موسمیاتی پیش گوئی کے پیش نظر یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ شدید برف باری کے باعث ان بالائی اضلاع کی اہم رابطہ سڑکیں بند ہو سکتی ہیں، جس سے معمولاتِ زندگی اور آمدورفت متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔

موسمِ سرما کے دوران کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے پوری طرح متحرک ہو چکی ہے اور اس حوالے سے ایک جامع حفاظتی و ہنگامی منصوبہ بھی تیار کر لیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں :پشاور رنگ روڈ پر جدید سفری سہولت کا آغاز ، چمکنی تا مال آف حیات آباد نئی بی آر ٹی سروس پیر سے فعال

ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ برف باری سے متاثر ہونے والے ممکنہ علاقوں میں بروقت امدادی سرگرمیوں کی انجام دہی کے لیے تمام پیشگی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

 انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شدید موسم کے دوران عوام کے جان و مال کا تحفظ اور متاثرہ شہریوں کو بروقت امداد کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔

 مزید برآں، پی ڈی ایم اے کی جانب سے صوبے کے تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی اداروں کو بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ موسمِ سرما کی شدت اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر مکمل طور پر الرٹ اور تیار رہیں۔

editor

Related Articles