مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی تیزی سے بڑھتی ہوئی صلاحیتوں نے جہاں دنیا میں نئی امیدیں پیدا کی ہیں، وہیں ماہرین اس کے ممکنہ خطرات سے بھی خبردار کر رہے ہیں۔ نوبیل انعام یافتہ اور مصنوعی ذہانت کے معروف سائنس دان پروفیسر جیفری ہنٹن نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگلے 3 برسوں میں سپر انٹیلی جنس اے آئی اتنی طاقتور ہو سکتی ہے کہ پوری انسانیت کے لیے خطرہ بن جائے۔
جیفری ہنٹن کو دنیا بھر میں ’گاڈ فادر آف اے آئی‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ مصنوعی نیورل نیٹ ورکس کی تیاری اور ترقی میں ان کا اہم کردار رہا ہے۔ وہ آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں مصنوعی ذہانت سے متعلق ایک غیر رسمی اجلاس میں یورپی یونین کے رہنماؤں کے سامنے اپنے خدشات پیش کریں گے۔
کیا اے آئی انسانوں کے کنٹرول سے باہر ہو سکتی ہے؟
پروفیسر جیفری ہنٹن کے مطابق اگر انتہائی ذہین مصنوعی ذہانت کے نظاموں کی مناسب نگرانی اور کنٹرول کا انتظام نہ کیا گیا تو مستقبل قریب میں یہ انسانی اختیار سے باہر ہو سکتے ہیں۔
ان کا خدشہ ہے کہ ایسی مشینیں ایک وقت میں انسانی ذہانت سے بھی آگے نکل سکتی ہیں، جس کے بعد انہیں قابو میں رکھنا ایک بڑا چیلنج بن سکتا ہے۔
یہ خدشات ٹورنٹو میں اے آئی سیفٹی فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ہونے والے ہنٹن لیکچرز کے دوران بھی سامنے آئے، جہاں ماہرین نے اس امکان پر گفتگو کی کہ مستقبل میں مصنوعی ذہانت حکومتوں اور ریاستی نظاموں کے استحکام کے لیے بھی خطرہ بن سکتی ہے۔
اگلے 3 برس انتہائی اہم قرار
الائنمنٹ ریسرچ سینٹر کے بانی پال کرسٹیانو نے بھی خبردار کیا ہے کہ آئندہ تین برسوں میں مصنوعی ذہانت کے انسانوں پر حاوی ہونے کا خطرہ موجود ہے۔ انہوں نے اس سے بھی زیادہ تشویش ناک امکان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگلے چھ سے بارہ ماہ کے دوران بھی اس نوعیت کا ایک قابلِ ذکر خطرہ پیدا ہو سکتا ہے۔
کیا انسان اپنی ہی بنائی ہوئی ٹیکنالوجی سے خطرے میں ہے؟
ماہرین کے یہ انتباہات اس بحث کو مزید اہم بنا رہے ہیں کہ مصنوعی ذہانت کی ترقی کے ساتھ اس پر انسانی نگرانی اور کنٹرول کو کس طرح یقینی بنایا جائے۔
اگرچہ اے آئی طب، تعلیم، سائنس اور دیگر شعبوں میں بڑی تبدیلیاں لا رہی ہے، لیکن اس کی بڑھتی ہوئی خودمختاری اور طاقت کے ممکنہ نتائج پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔
تاہم یہ واضح رہنا چاہیے کہ انسانیت کو درپیش خطرے سے متعلق یہ بیانات ماہرین کے خدشات اور ممکنہ پیش گوئیوں پر مبنی ہیں، انہیں مستقبل کے یقینی واقعات نہیں سمجھنا چاہیے۔