’ جعلی تقرری کا تحریری اعتراف ‘ ضیاالرحمان نے استعفے پر3 سال کی پوری تنخواہ خزانے میں واپس کیوں جمع کرائی؟

’ جعلی تقرری کا تحریری اعتراف ‘ ضیاالرحمان نے استعفے پر3 سال کی پوری تنخواہ خزانے میں واپس کیوں جمع کرائی؟

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کے بھائی اور سابق سرکاری افسر انجینیئر ضیا الرحمان کی سرکاری ملازمت میں شمولیت، ان کی ڈیپوٹیشن اور بعد ازاں استعفے کے ساتھ لاکھوں روپے کی تنخواہیں سرکاری خزانے میں واپس جمع کرائے جانے کا معاملہ ایک بار پھر عوامی اور تحقیقاتی حلقوں میں موضوعِ بحث بن گیا ہے۔

سرکاری دستاویزات، آڈٹ رپورٹس اور ماضی میں سامنے آنے والی حکومتی دستاویزات ضیاء الرحمان نے سرکاری سروس سے استعفیٰ دیتے وقت تقریباً 3 سال کے عرصے میں وصول کی گئی 66 لاکھ 46 ہزار 128 روپے کی رقم قومی خزانے میں واپس جمع کرائی تھی، جسے غیر قانونی تقرری کا اعتراف قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ضیا الرحمان اور ان کے وکلا اس اقدام کو محض قانونی پیچیدگیوں سے بچنے اور ذاتی وقار کی خاطر اٹھایا گیا قدم قرار دیتے رہے ہیں۔

دستیاب سرکاری ریکارڈ کے مطابق انجینیئر ضیا الرحمان کی سرکاری سروس میں شمولیت کا آغاز 2007 میں ہوا، جب انہیں بغیر کسی باضابطہ تحریری امتحان یا پبلک سروس کمیشن کے مروجہ طریقہ کار کے افغان کمشنریٹ میں گریڈ 17 کے افسر کے طور پر تعینات کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:’پوائنٹ آف نو ریٹرن‘، جھوٹے حلف نامے اور ریاستی اداروں پر حملوں کے بعد فضل الرحمان کی گرفتاری کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع

دستاویزات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بعد ازاں غیر معمولی تیزی کے ساتھ انہیں ترقیاں دے کر خیبر پختونخوا کی صوبائی سروس (پی ایم ایس) میں ضم کیا گیا اور وہ گریڈ 19 تک پہنچ گئے، جہاں وہ خوشاب اور گلشنِ اقبال کراچی سمیت مختلف اہم انتظامی عہدوں پر تعینات رہے۔

اس معاملے نے اس وقت شدت اختیار کی جب سال 2020 میں وفاقی و صوبائی حکومتوں اور قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے ان کی تقرری اور آمدن سے زیادہ اثاثوں کی تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔

ریکارڈ کے مطابق اس دوران ضیا الرحمان نے خیبر پختونخوا کے اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ کو اپنا استعفیٰ ارسال کیا اور اس کے ساتھ ہی 66 لاکھ 46 ہزار 128 روپے کا چالان یا پے آرڈر سرکاری خزانے میں جمع کرایا، جو ان کی 3 سالہ مدتِ ملازمت کی تنخواہوں اور مراعات کے مساوی تھا۔

اس وقت کے حکومتی وزراء (بشمول شہزاد اکبر اور دیگر) نے اس اقدام کو بنیاد بناتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ کسی بھی سرکاری افسر کا استعفیٰ دیتے وقت برسوں کی حلال کمائی واپس خزانے میں جمع کرانا اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ متعلقہ تقرری قواعد و ضوابط کے خلاف تھی۔

قانونی ماہرین کے مطابق سول سرونٹس ایکٹ 1973 اور خیبر پختونخوا سول سرونٹس ایکٹ کے تحت کسی بھی سرکاری افسر کی تقرری کے لیے پبلک سروس کمیشن کی سفارش اور مقررہ اہلیت کا ہونا لازمی ہے۔

مزید پڑھیں:ووٹ بلوچستان سے، اثاثے کے پی میں: کاغذاتِ نامزدگی اور گوشواروں نے فضل الرحمان کا دوہرا معیار بے نقاب کر دیا

ماہرین کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان ماضی میں مختلف مقدمات (بشمول غیر قانونی ایبزارپشن کیسز) میں یہ واضح اصول طے کر چکی ہے کہ غیر متعلقہ محکموں یا پراجیکٹس سے افسران کو سول سروس میں ضم کرنا غیر آئینی ہے اور اگر کوئی تقرری آغاز ہی سے غیر قانونی ثابت ہو جائے تو قومی خزانے سے وصول کی گئی تنخواہوں کی واپسی اور متعلقہ افسران کے خلاف تادیبی یا نیب قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب انجینیئر ضیا الرحمان اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کی قیادت اس پورے معاملے پر ایک مختلف مؤقف رکھتی ہے۔

ضیا الرحمان اور ان کے وکلا کی جانب سے مختلف مواقع پر یہ وضاحت پیش کی جاتی رہی ہے کہ ان کی تعیناتی اس وقت کے مروجہ قوانین اور مجاز اتھارٹی کی منظوری سے عمل میں آئی تھی لیکن وہ یہ بات آج تک ثابت نہیں کر سکے۔

وہ کہتے ہیں کہ رقم کی واپسی اور استعفیٰ کسی جرم یا جعلی تقرری کا اعتراف نہیں تھا، بلکہ اس وقت کی حکومت کی جانب سے جاری انتقامی کارروائیوں، مسلسل ہراسانی اور سروس قوانین سے متعلق پیدا کیے جانے والے تنازعات سے خود کو الگ کرنے کے لیے انہوں نے رضاکارانہ طور پر ملازمت چھوڑنے اور متنازع بنائی جانے والی تنخواہوں کی رقم خزانے میں واپس جمع کرانے کا فیصلہ کیا تاکہ ان کی ذات یا خاندان پر کسی قسم کا مالی الزام باقی نہ رہے۔

یہ بھی پڑھیں:فضل الرحمان کو آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہل قرار دینے کا مطالبہ، شہریوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کو درخواست بھجوا دی

ماہرین کہتے ہیں کہ ضیاالرحمان کو یہ خیال پوسٹ پر تقرری سے پہلے سوچنا چاہیے تھی، جب کرپشن اور لوٹ مار کے ذریعے پیسہ اور اثاثے بنا لیے تو تب انہیں اس کا خیال آیا، ان کی جانب سے تنخواہ واپس جمع کرانے کا مطلب واضح ہے کہ وہ تحریری طور پر اس بدعنوانی کو تسلیم کر چکے ہیں۔

یہ مؤقف سامنے آنے کے بعد عوام کا مطالبہ بھی سامنے آیا ہے کہ یوں کھلے بندوں کرپشن کا اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ فضل الرحمان نے نہ صرف خود مالی مفاد حاصل کیے بلکہ اپنے سیاسی اثرو سوخ کے باعث اپنے پورے خاندان کو نوازتے رہے ہیں۔

Related Articles