دانانیر مبین کی عالمی کامیابی، ماسکو میں بہترین اداکارہ کا اعزاز مل گیا

دانانیر مبین کی عالمی کامیابی، ماسکو میں بہترین اداکارہ کا اعزاز مل گیا

پاکستانی اداکارہ دانانیر مبین نے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کرتے ہوئے روس کے شہر ماسکو میں منعقدہ دوسرے اوپن یوریشین فلم ایوارڈز میں بہترین اداکارہ کا ’ڈائمنڈ بٹر فلائی ایوارڈ‘ اپنے نام کرلیا۔

دانانیر مبین کو یہ اعزاز فلم ’میرا لیاری‘ میں شاندار اداکاری پر دیا گیا، جس میں انہوں نے ایک ایسی لڑکی کا کردار ادا کیا جو کراچی کے علاقے لیاری میں معاشرتی دباؤ اور خاندانی پابندیوں کے باوجود فٹ بال کھیلنے کا خواب پورا کرنا چاہتی ہے۔

فلم ’میرا لیاری‘ کی کہانی کیا ہے؟

فلم کی کہانی ایک معذور فٹ بال کوچ کے گرد گھومتی ہے، جس کا کردار عائشہ عمر نے ادا کیا ہے۔ وہ ایک تشدد پسند شادی سے نکلنے کے بعد اپنے آبائی علاقے لیاری واپس آتی ہے، جہاں لڑکیوں کے لیے فٹ بال ٹرائلز کا انعقاد کرتی ہے۔

اسی دوران دانانیر مبین کا کردار افسانہ، اپنے سخت مزاج والد کی مخالفت کے باوجود فٹ بال کھیلنے کا خواب دیکھتا ہے، جبکہ ٹرینیٹ لوکاس کا کردار کشمالہ جبری شادی سے بچنے کی کوشش کر رہا ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:دنیا بھر میں گھر خریدنے کی خواہش کیوں رکھتے ہیں شاہ رخ خان؟ وجہ سامنے آگئی

دونوں لڑکیاں خفیہ طور پر کوچ کے ساتھ تربیت حاصل کرتی ہیں تاکہ قومی سطح پر کھیلنے کا موقع حاصل کر سکیں۔

دانانیر مبین نے ایوارڈ ملنے پر کیا کہا؟

دانانیر مبین نے انسٹاگرام پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے کردار کے لیے اعزاز حاصل کرنا ان کے لیے انتہائی قابلِ فخر لمحہ ہے جو خواتین کی طاقت، ہمت، ثابت قدمی اور اپنے خواب پورے کرنے کے حق کو اجاگر کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خواتین کی کہانیاں بیان کی جانی چاہئیں، خصوصاً ان خواتین کی جو معاشرتی توقعات کو چیلنج کرتی ہیں، رکاوٹیں عبور کرتی ہیں، اپنی آواز بلند کرتی ہیں اور ان شعبوں میں اپنی جگہ بناتی ہیں جہاں جانے کی انہیں کبھی حوصلہ افزائی نہیں کی گئی۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ انہیں ایسی فلم کا حصہ بننے کا موقع ملا جس کا مقصد صرف تفریح فراہم کرنا نہیں بلکہ ایک اہم پیغام دینا بھی ہے۔

ان کے مطابق اگر یہ فلم کسی ایک لڑکی کو بھی اپنے خوابوں پر یقین کرنے اور اپنی پسند کے راستے پر چلنے کا حوصلہ دے سکے تو یہ ایک بڑی کامیابی ہوگی۔

5 ہزار ہیروں سے مزین ہوتا ہے ایوارڈ

ڈائمنڈ بٹر فلائی ایوارڈز کا آغاز 2025 میں ہوا تھا۔ یہ ایوارڈز یوریشین اکیڈمی فار سنیماٹوگرافک آرٹس اور روسی وزارتِ ثقافت کے اشتراک سے منعقد کیے جاتے ہیں۔

اس ایوارڈ کی خاص بات یہ ہے کہ کامیاب شخصیات کو 5 ہزار لیبارٹری میں تیار کردہ ہیروں سے مزین ایک خوبصورت ٹرافی دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ روس کے مشرقی علاقے سخا ریپبلک کی کانوں سے حاصل کیا گیا قدرتی ہیرا بھی دیا جاتا ہے۔

بہترین فلم کے فاتح کو 10 قیراط جبکہ دیگر ایوارڈز جیتنے والوں کو 5 قیراط کا ہیرا دیا جاتا ہے۔

گزشتہ برس منتظمین اور اسلام آباد میں روسی سفارت خانے کے بیانات کے مطابق، صرف چھوٹے ہیروں کی مالیت ہی 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر سے زیادہ بتائی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:ایلن واکر بھی پاکستانی گانے کے دیوانے، ’الفاظ‘ کا نیا ورژن ریلیز کردیا

سونیا حسین بھی پاکستان کے لیے ایوارڈ جیت چکی ہیں

دانانیر مبین اس ایوارڈ کی تاریخ میں پاکستان کے لیے اعزاز حاصل کرنے والی دوسری اداکارہ ہیں۔ اس سے قبل 2025 میں اداکارہ سونیا حسین نے فلم ’دیمک‘ میں بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ جیتا تھا۔

رواں برس مقابلے میں 19 ممالک کی 41 فلمیں نامزد ہوئیں، جبکہ بہترین فلم کا ایوارڈ روسی جنگی فلم ’آگسٹ‘ کو ملا، جس کی ہدایت کاری نیکیتا ویسوٹسکی اور الیا لیبیڈیو نے کی۔

دیگر فاتحین میں کرغزستان کے ہدایت کار کانی بیک کالماتوف، ایرانی اسکرین رائٹر علیرضا معتمدی اور قازقستان کے اداکار ژاسولان کوپبرگینوف بھی شامل ہیں۔ دانانیر مبین کی یہ کامیابی نہ صرف ان کے کیریئر کے لیے اہم ہے بلکہ پاکستانی فلمی صنعت کے لیے بھی ایک خوش آئند بین الاقوامی اعزاز ہے۔

editor

Related Articles