جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان اور ان کے خاندان کے گرد قانونی اور تحقیقاتی اداروں نے گھیرا تنگ کرنا شروع کر دیا ہے۔
حالیہ سرکاری دستاویزات، الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، قومی احتساب بیورو (نیب) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جانب سے فضل الرحمان کے اثاثوں، بے نامی جائیدادوں اور سابقہ دورِ وزارت کے معاملات کی جانچ پڑتال کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب حکومتی ذرائع نے خبردار کیا ہے کہ اگر فضل الرحمان نے دستیاب ثبوتوں کے مطابق قومی اداروں کے ساتھ تحقیقات میں تعاون نہ کیا اور اس کے بجائے احتجاج کی آڑ میں سڑکیں بند کرنے، ریاستی عملداری کو چیلنج کرنے کی صورت میں قانون فوری حرکت میں آئے گا۔
قومی اداروں کی جانب سے جاری کی جانے والی دستاویزات کے مطابق حلقہ این اے 265 پشین کے فارم بی اور ایف بی آر کے ٹیکس گوشواروں کے تقابلی جائزے میں مولانا فضل الرحمان اور ان کے صاحبزادے مولانا اسعد محمود کے اثاثوں کی تفصیلات میں مبینہ تضادات پائے گئے ہیں۔
تحقیقات کے مطابق ایف بی آر کے ریکارڈ میں سال 2023 تک مولانا فضل الرحمان کی اہلیہ کے 55 تولہ سونے کی مالیت ساڑھے 9 لاکھ روپے زیورات کے خانے میں درج تھی، تاہم سال 2024 کے گوشواروں میں زیورات کا خانہ خالی کر کے عین وہی رقم اسلحے کے خانے میں منتقل دکھائی گئی۔
اسی طرح مولانا اسعد محمود کے سال 2026 کے ٹیکس ریکارڈ میں درج نقد رقم (6 ہزار 737 روپے) اور 3 پستولوں و 2 رائفلوں کی صفر مالیت کے اندراجات پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی قومی احتساب بیورو (نیب) کی شکایت کنندہ کمیٹی کی سفارشات کے بعد مولانا فضل الرحمان، ان کے اہل خانہ اور فرنٹ مینز کے خلاف نامی اور بے نامی جائیدادوں کی تحقیقات بھی موضوعِ بحث بنی ہوئی ہیں۔
تحقیقات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس فور کی اسٹریٹ نمبر 83 میں واقع مکان نمبر 7 اور کراچی کے تجارتی مرکز میں واقع ‘رحیم پلازہ’ کو مبینہ بے نامی اثاثوں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جبکہ اس سے قبل 2020 کی نیب تحقیقات میں بھی چک شہزاد اسلام آباد کی اراضی، بنگلوں اور زرعی زمینوں کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔
تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اسعد محمود کے مبینہ 4 کنال گھر کے کاغذی مالک اور فرنٹ مین جاوید اقبال کو حراست میں لے کر تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔
تحقیقات کے مطابق سابق وفاقی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود کو پاکستان پوسٹ آفس میں منظور شدہ آسامیوں سے زیادہ اور ختم شدہ آسامیوں پر مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے معاملے پر نیب اور ایف آئی اے کی جانب سے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، جبکہ ایک جائیداد پر قبضے کے معاملے میں بھی ان کا نام سامنے آیا ہے۔
نیب نے اسعد محمود کو 5 نومبر کو طلب کیا تھا، تاہم ان کی عدم پیشی پر دوسرا نوٹس جاری کیا گیا اور 13 نومبر کو دوبارہ طلب کیا گیا۔
14 نومبر کی رپورٹ کے مطابق وہ دوسرے نوٹس پر بھی پیش نہیں ہوئے۔ اب اس معاملے میں بنیادی سوال یہ ہے کہ اضافی بھرتیوں کی منظوری کس اتھارٹی نے دی، تقرریوں میں میرٹ اور قانونی طریقہ کار اختیار کیا گیا یا نہیں۔
دستیاب معلومات کے مطابق یہ معاملہ اب محض سیاسی الزامات تک محدود نہیں رہا بلکہ اس میں اثاثوں کے ذرائع، جائیدادوں کی حقیقی ملکیت، سرکاری اختیارات کے استعمال اور الیکشن کمیشن میں جمع کرائے گئے اثاثہ جاتی گوشواروں کی درستی جیسے قانونی پہلو بھی شامل ہو گئے ہیں۔
ان جائیدادوں کے حوالے سے بنیادی تحقیقاتی سوال یہ ہے کہ اگر متعلقہ عمارتیں خاندان کے افراد کے زیرِ استعمال یا ان سے منسوب ہیں تو ان کی حقیقی ملکیت، خریداری اور تعمیر کے لیے سرمایہ کہاں سے فراہم کیا گیا؟
کیا یہ املاک باقاعدہ کرایہ داری یا کسی دوسرے قانونی معاہدے کے تحت استعمال ہو رہی ہیں اور کیا ان کی مالی تفصیلات متعلقہ افراد کے اثاثہ جاتی گوشواروں میں ظاہر کی گئی ہیں؟
ان سوالات کا حتمی جواب رجسٹری، انتقال، تعمیراتی منظوریوں، بینکنگ ریکارڈ اور اصل سرمایہ کاری کی دستاویزات سے حاصل ہو جائے گا۔
قومی اداروں کے خلاف محاذ آرائی
سیاسی و سیکیورٹی محاذ پر بھی حکومتی حلقوں اور جے یو آئی (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوا ہے۔
جولائی 2026 میں پنجاب اسمبلی میں فضل الرحمان کے پاک فوج سے متعلق بیان کے خلاف مذمتی قرارداد جمع کرائی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف بیانیہ دشمن عناصر کو تقویت دیتا ہے۔
جولائی 2026 میں قصور کے ایک جلسے کے دوران فوجی جوانوں کی شہادتوں اور ان کی تنخواہوں سے متعلق ان سے منسوب بیان پر شدید ردعمل سامنے آیا۔
اس بیان پر مختلف سیاسی شخصیات نے تنقید کی جبکہ میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب میں اس حوالے سے قانونی درخواستیں بھی دائر کی گئیں اور لاہور کی عدالت نے متعلقہ تحقیقاتی ادارے سے جواب طلب کیا۔
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے ان کے بیان کو شہدا کی قربانیوں کی توہین قرار دیا، جبکہ اکتوبر 2026 میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر تجارت جام کمال خان نے بھی ان کے بیانات پر شدید تنقید کی۔
جے یو آئی (ف) کی جانب سے حکومت مخالف احتجاج کی کال کے تناظر میں حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے، لیکن اگر سڑکیں بلاک کر کے یا قانون ہاتھ میں لے کر ریاستی رٹ کو چیلنج کیا گیا تو قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری مقدمات درج کر کے گرفتاریاں عمل میں لائیں گے۔
آئینی و قانونی ماہرین کے مطابق اگر تحقیقاتی اداروں کی جانچ پڑتال میں یہ الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو ملکی قوانین کے تحت سنگین قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
قانونی ماہرین کی آرا کے بجائے متعلقہ قوانین اور دستیاب سرکاری ریکارڈ کی بنیاد پر دیکھا جائے تو اس پورے معاملے میں تین بنیادی تحقیقات اہم ہیں۔
اول، فضل الرحمٰن اور ان کے خاندان کے اثاثوں اور ظاہر کردہ آمدن کا تقابلی جائزہ؛ دوم، اسلام آباد کی مبینہ طور پر خاندان سے منسوب جائیدادوں کے حقیقی مالکان اور سرمایہ کاری کے ذرائع کی تصدیق، اور سوم، اسعد محمود کے دورِ وزارت میں پاکستان پوسٹ کی بھرتیوں کی منظوری، میرٹ اور مالی اثرات کا تعین شامل ہے۔
ریاست کو دھوکا دہی پر سزائیں
اگر ان تحقیقات میں کسی شخص کے خلاف غیر قانونی اثاثوں، بے نامی ملکیت، سرکاری اختیارات کے ناجائز استعمال یا جھوٹے گوشوارے جمع کرانے کے قابلِ اعتماد شواہد سامنے آتے ہیں تو متعلقہ ادارے قانون کے مطابق کارروائی کر سکتے ہیں۔
الیکشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 137 (4) اور آئین کے آرٹیکل 62 (1)(f )کے تحت جھوٹا حلف نامہ جمع کرانے یا اثاثے چھپانے پر رکنیت کی معطلی، نااہلی اور فوجداری مقدمے کا اندراج بنتا ہے، جبکہ انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی دفعات 116، 182 اور 192 کے تحت ٹیکس گوشواروں میں غلط بیانی پر جرمانے اور قید کی سزائیں مقرر ہیں۔
اسی طرح نیب آرڈیننس 1999 کی دفعہ 9-A اور بے نامی ٹرانزیکشنز (ممانعت) ایکٹ 2017 کے تحت آمدن سے زیادہ اثاثوں اور بے نامی جائیدادوں کی ضبطگی و گرفتاری ممکن ہے۔
اسی طرح ریاستی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات اور سڑکیں بلاک کرنے پر تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 124-A، 153-A، 505، 144، 186، 341، پیکا ایکٹ اور انسدادِ دہشتگردی ایکٹ کے تحت ناقابلِ ضمانت مقدمات درج کیے جا سکتے ہیں۔
دوسری جانب مولانا فضل الرحمان کی جانب سے تمام الزامات اور قومی اداروں کی جانب سے جاری تحقیقات پر عدم تعاون کا سلسلہ بھی جاری ہے۔