جب چوکیوں پر حملے ہوتے ہیں تو زبان گنگ، جب کابل پر دباؤ بڑھتا ہے تو تڑپ اٹھتے ہیں، فضل الرحمان کی دوغلی سیاست کا پول کھل گیا

جب چوکیوں پر حملے ہوتے ہیں تو زبان گنگ، جب کابل پر دباؤ بڑھتا ہے تو تڑپ اٹھتے ہیں، فضل الرحمان کی دوغلی سیاست کا پول کھل گیا

پاکستان کی سیاسی تاریخ میں مذہب کے نام پر سیاست کرنے والے عناصر کا دوہرا معیار اور تضادات سے بھرپور طرزِ عمل ہمیشہ سے عوامی اور فکری حلقوں میں زیرِ بحث رہا ہے، تاہم حالیہ علاقائی و سرحدی صورتحال نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کی سیاسی ترجیحات، ان کے  فکری جھکاؤ اور ان کی مذہبی سیاست کے اصل محرکات کو ایک مرتبہ پھر کھل کر بے نقاب کر دیا ہے۔

سیاسی مبصرین اور عوامی حلقوں کی جانب سے یہ سنگین سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ جب سرحد پار سے دراندازی کرنے والے دہشت گرد پاکستان کی سرحدی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہیں اور وطنِ عزیز کے بہادر سپوت اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں تو فضل الرحمان کی زبان پر پراسرار خاموشی کیوں طاری ہو جاتی ہے لیکن جیسے ہی افغانستان کی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کے ٹھکانوں اور ان کے سرپرستوں پر ریاستی دباؤ بڑھتا ہے تو فوراً تڑپ اٹھتے ہیں اور ان کے لہجے میں غیر معمولی درد اور بے چینی نمایاں ہونے لگتی ہے۔

شہداء کے لہو پر پراسرار خاموشی اور سرحد پار ہمدردیاں

 یہ محض کوئی اتفاق یا سیاسی بیان بازی کا حصہ نہیں بلکہ اس کے پیچھے دہائیوں پر محیط وہ خاص طرزِ سیاست کارفرما ہے جس میں ریاستی مفادات اور قومی سلامتی کے تقاضوں کے بجائے مخصوص گروہی اور نظریاتی وابستگیوں کو ہمیشہ مقدم رکھا گیا ہے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے سنگلاخ پہاڑوں میں جب سیکیورٹی فورسز کے جوان اور افسران فتنہ الخوارج اور بیرونی سرپرستی میں پلنے والے دہشت گردوں کے خلاف سینہ سپر ہو کر جامِ شہادت نوش کرتے ہیں تو اقتدار کے ایوانوں میں برسوں مزے لوٹنے والے مولانا فضل الرحمان کے پاس ان شہداء کے لواحقین کے لیے دو بول تعزیت کے بھی میسر نہیں ہوتے۔

یہ بھی پڑھیں:اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خوشخبری ، بیرون ملک بیٹھ کر پاکستان میں زمین کی رجسٹری اور انتقال کرانے کی سہولت متعارف کرا دی گئی

اس کے برعکس جب ریاستِ پاکستان اپنے شہریوں کے خون کا حساب لینے اور سرحد پار سے ہونے والی دہشت گردی کی روک تھام کے لیے سخت مؤقف اختیار کرتی ہے یا افغان عبوری حکومت پر دہشت گردوں کی پناہ گاہیں ختم کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جاتا ہے تو فضل الرحمان فوری طور پر سفارت کاری، مذاکرات اور ہمسائیگی کے حقوق کا راگ الاپنا شروع کر دیتے ہیں، جس سے عوامی حلقوں میں یہ تاثر گہرا ہو رہا ہے کہ ان کی ہمدردیاں دراصل کس کیمپ کے ساتھ وابستہ ہیں۔

مدارس کا نیٹ ورک اور اقتدار کی سیڑھی

سیاسی و سماجی مبصرین  فضل الرحمان کی اس طرزِ سیاست کو ان کے مدارس کے نیٹ ورک اور مذہبی سیاست کے روایتی ڈھانچے سے جوڑ کر دیکھتے ہیں۔ ناقدین کا مؤقف ہے کہ دہائیوں سے دینی مدارس کے معصوم طلبہ کو ایک خاص سیاسی و فکری سانچے میں ڈھال کر انہیں اقتدار کی سیڑھی کے طور پر استعمال کیا جاتا رہا ہے۔ تجزیہ کاروں کے بقول جہاں ایک طرف غریب گھرانوں کے بچوں کو مذہب اور نظریے کے نام پر جلسوں، جلوسوں اور دھرنوں کا ایندھن بنایا جاتا ہے، وہیں دوسری طرف انہی مدارس کی سیاسی طاقت کو دکھا کر اسلام آباد کے اقتدار میں حصہ داری وصول کی جاتی ہے۔

 ناقدین یہ سوال بھی اٹھاتے ہیں کہ کیا وجہ ہے کہ مذہبی سیاست کے ان دعویداروں کے اپنے خاندان اور اولادیں تو جدید دنیا کی تمام آسائشوں اور اقتدار کے اعلیٰ مناصب سے لطف اندوز ہوتی ہیں، مگر عام مدرسہ طالب علم کے حصے میں صرف نعرے بازی، احتجاجی سیاست اور فکری جمود ہی آتا ہے۔

اقتدار ملے تو آئین عزیز، کرسی چھنے تو نظام غیر اسلامی

مبصرین کا کہنا ہے کہ مذہبی سیاست کا یہ ماڈل دراصل خوف، جذباتیت اور دوہرے بیانیے کے ستونوں پر کھڑا ہے۔ جب ملک میں اپنی حکومت ہو یا اقتدار میں شراکت داری میسر ہو تو یہی نظامِ سیاست آئین، جمہوریت اور ریاستی رٹ کی بالادستی کے گن گاتا نظر آتا ہے، لیکن جیسے ہی اقتدار کی کرسی ہاتھ سے پھسلتی ہے تو اچانک ملک کا پورا نظام غیر اسلامی، استحصالی اور ناقابلِ قبول نظر آنے لگتا ہے۔ افغانستان کے معاملے پر بھی یہی دوہرا معیار کھل کر سامنے آیا ہے جہاں پاکستانی شہداء کے خون پر خاموشی اختیار کر کے سرحد پار عناصر کے لیے نرم گوشہ رکھنا اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ اس سیاست کا محور پاکستان کی سلامتی نہیں بلکہ مخصوص علاقائی و نظریاتی مفادات کا تحفظ ہے۔

عوامی شعور کی بیداری اور دوغلے بیانیے کا انجام

عوامی اور فکری حلقوں میں اب یہ شعور تیزی سے بیدار ہو رہا ہے کہ مذہب کے نام پر کی جانے والی اس موقع پرست سیاست کا اصل چہرہ کیا ہے۔ تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ پاکستان کے عوام اور بالخصوص خیبر پختونخوا کے غیور شہری، جو گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کی آگ میں جل رہے ہیں اور جنہوں نے اپنے پیاروں کے جنازے اٹھائے ہیں، اب اس دوغلے بیانیے کو مسترد کر چکے ہیں۔ شہداء کے لہو سے نظریں چرا کر سرحد پار بیٹھے دہشت گردوں کے سرپرستوں کی وکالت کرنا نہ صرف قومی احساسات کی توہین ہے بلکہ یہ اس بات کا بھی ثبوت ہے کہ مذہبی سیاست کے لبادے میں چھپے مفادات جب خطرے میں پڑتے ہیں تو اصل درد خود بخود زبان پر آ جاتا ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles