امریکا میں فضائی نظام کی معطلی کا ذمہ دار کون؟ ٹرمپ نے بڑا دعویٰ کر دیا

امریکا میں فضائی نظام کی معطلی کا ذمہ دار کون؟ ٹرمپ نے بڑا دعویٰ کر دیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک میں فضائی آپریشنز کی معطلی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا ذمہ دار سابق صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ کو قرار دے دیا ہے۔ انہوں نےکہا کہ  سابق حکومت نے فضائی نظام کی بہتری کے لیے مختص کیے گئے فنڈز کا درست استعمال نہیں کیا جس کے باعث ایئر ٹریفک کنٹرول کا پہلے سے پرانا نظام مزید مسائل کا شکار ہوگیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یہ مؤقف فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کی جانب سے جمعے کو فضائی آپریشنز روکنے کے فیصلے کے بعد سوشل میڈیا پر بیان میں اختیار کیا۔

امریکی صدر نے کہا کہ  بائیڈن انتظامیہ نے ایئر ٹریفک کنٹرول نظام کو جدید بنانے کے بجائے غیر ضروری معاملات کو ترجیح دی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ سابق حکومت کے دور میں ’ایئر مین‘ جیسی اصطلاح پر پابندی جیسے اقدامات اہمیت اختیار کرتے رہے، جبکہ فضائی نظام کی بنیادی خامیوں کو دور کرنے پر مناسب توجہ نہیں دی گئی۔

ٹرمپ نے 2023 میں ملک گیر سطح پر فضائی آپریشنز کی معطلی کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت بھی ایئر ٹریفک کنٹرول نظام کے مسائل سامنے آئے تھے، لیکن ان کے مطابق انہیں حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو برس سے کانگریس سے تعاون کی درخواست کی جا رہی ہے تاکہ فضائی ٹریفک کنٹرول کے مسائل کا مستقل حل نکالا جاسکے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایئر ٹریفک کنٹرول نظام کو جدید بنانے کے لیے نیا منصوبہ تیار ہے اور اس کے لیے درکار ٹیکنالوجی بھی دستیاب ہے۔ تاہم اس منصوبے پر عمل درآمد کے لیے کانگریس کو فوری طور پر فنڈز فراہم کرنا ہوں گے۔

ٹرمپ نے واضح کیا کہ جدید ٹیکنالوجی اور نئے منصوبے کے باوجود مالی وسائل کی فراہمی کے بغیر نظام کی بہتری ممکن نہیں۔ ان کے بیان کے بعد امریکا میں فضائی نظام کی پرانی خامیوں، سابق حکومت کے اقدامات اور موجودہ انتظامیہ کے اصلاحاتی منصوبے پر بحث دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔

editor

Related Articles