اختلافات کے باوجود دوسروں کا احترام ہی اصل برداشت ہے، شہباز شریف کا عالمی دن پر اہم پیغام

اختلافات کے باوجود دوسروں کا احترام ہی اصل برداشت ہے، شہباز شریف کا عالمی دن پر اہم پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلامی تعلیمات صبر و برداشت، ہمدردی، عدل و انصاف اور احترامِ انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ اختلافات کے باوجود دوسروں کے عقائد اور نظریات کا احترام کرنا ہی برداشت کا حقیقی مفہوم ہے۔

برداشت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر باہمی احترام، انسانی وقار اور رواداری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔ معاشرے میں امن و استحکام کے لیے ضروری ہے کہ تمام افراد ایک دوسرے کے نظریات اور عقائد کا احترام کریں۔

 یہ بھی پڑھیں :دنیا کے 500 بااثر مسلمانوں کی فہرست میں پاکستان کا بڑا اعزاز، شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر آگئے

وزیراعظم نے کہا کہ آئینِ پاکستان رنگ، مذہب اور طبقۂ فکر کی تفریق کے بغیر تمام شہریوں کو مساوات کی ضمانت دیتا ہے۔ ملک میں بسنے والے تمام شہری یکساں حقوق رکھتے ہیں اور ان کے وقار و احترام کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ثقافتی، لسانی اور مذہبی تنوع ہماری کمزوری نہیں بلکہ قومی قوت اور قیمتی سرمایہ ہے۔ مختلف زبانوں، ثقافتوں اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کا باہمی احترام قومی یکجہتی اور معاشرتی ہم آہنگی کو مضبوط بناتا ہے۔

شہباز شریف نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے قومی کمیشن برائے حقوقِ اقلیت ایکٹ 2025 کے نفاذ کو بھی اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کے مطابق اس قانون کا مقصد اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کے لیے مساوی مواقع کی فراہمی کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

وزیراعظم نے علمائے کرام، اساتذہ، ذرائع ابلاغ اور بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ معاشرے سے تعصب کے خاتمے اور باہمی افہام و تفہیم کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ نفرت اور تشدد کے رجحانات کی حوصلہ شکنی کرتے ہوئے معاشرے میں برداشت، رواداری اور احترامِ انسانیت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 یہ بھی پڑھیں :گندم درآمد سکینڈل میں ملوث عناصر کی نشاندہی ہو گئی، وزیراعظم شہباز شریف کا بڑا فیصلہ

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کو اختلافِ رائے برداشت کرنے اور دوسروں کے حقوق کا احترام کرنے کی تربیت دی جائے۔ تعلیمی اداروں، مذہبی حلقوں اور ذرائع ابلاغ کو بھی ایسا ماحول پیدا کرنے میں کردار ادا کرنا چاہیے جہاں مختلف نظریات رکھنے والے افراد امن اور باہمی احترام کے ساتھ رہ سکیں۔

واضح رہے کہ برداشت کا عالمی دن ہر سال 16 نومبر کو منایا جاتا ہے۔ اس دن کا بنیادی مقصد دنیا بھر میں مذہبی، ثقافتی اور نظریاتی اختلافات کے باوجود باہمی احترام، رواداری، امن اور انسانی وقار کے اصولوں کو فروغ دینا ہے۔

editor

Related Articles