بھارت کے ایک سفاری پارک میں جنگلاتی عملے کی جانب سے شیر کا موٹر سائیکلوں اور گاڑی کے ذریعے تعاقب کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد محکمہ جنگلات نے 3 ملازمین کو ملازمت سے فارغ کر دیا۔
یہ واقعہ بھارتی ریاست گجرات کے امبردی سفاری پارک میں پیش آیا، جہاں وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جنگلاتی عملے کے اہلکار موٹر سائیکلوں پر شیر کے ساتھ ساتھ چل رہے ہیں، جبکہ ایک ایس یو وی بھی اس کے پیچھے نظر آرہی ہے۔
ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین اور جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والے افراد نے عملے کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے اور شیر کی حفاظت سے متعلق خدشات کا اظہار کیا۔
محکمہ جنگلات نے کیا وضاحت دی؟
محکمہ جنگلات کے اسسٹنٹ کنزرویٹر آف فاریسٹس امیت وانیا کے مطابق عملہ شیر کو ہراساں نہیں کررہا تھا بلکہ اسے اس کے مخصوص باڑے میں واپس لے جانے کی کوشش کر رہا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ دیوالی کی تعطیلات کے باعث سفاری پارک میں سیاحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ شام کے وقت سفاری ختم ہونے کے بعد شیروں کو ان کے مخصوص باڑوں میں واپس منتقل کیا جانا تھا، تاہم ایک شیر مقررہ راستے کے بجائے دوسری سمت چل پڑا، جس پر عملے نے اسے واپس لانے کی کوشش کی۔
پرنسپل چیف کنزرویٹر آف فاریسٹس جے پال سنگھ نے بتایا کہ تینوں ملازمین آؤٹ سورس کیے گئے عملے کا حصہ تھے۔ ان کے مطابق شیروں کو ان کے مخصوص باڑوں میں واپس لے جانے کے لیے بند جیپیں استعمال کی جاتی ہیں، لیکن متعلقہ اہلکاروں نے مقررہ طریقہ کار پر عمل نہیں کیا، جس کے باعث انہیں ملازمت سے ہٹا دیا گیا۔
واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سفاری پارک میں جنگلی جانوروں کی حفاظت اور ان کی منتقلی کے لیے طے شدہ اصولوں پر عمل درآمد کا معاملہ ایک بار پھر زیر بحث آگیا ہے۔