خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں پر حملوں میں تیزی، 20 فتنہ الہندوستان و خوارج ہلاک،9 سرنگیں تباہ، بارودی آلات اور مواد بھی برآمد

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشتگردوں پر حملوں میں تیزی، 20 فتنہ الہندوستان و خوارج ہلاک،9 سرنگیں تباہ، بارودی آلات اور مواد بھی برآمد

خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خلاف قہر بن کر ٹوٹ پڑی ہیں، زبردست حملوں میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں 15 سے زیادہ فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخواج ہلاک کر دیے گئے ہیں،9  مشتبہ سرنگیں تباہ اور11 دیسی ساختہ بارودی آلات برآمد کیے گئے۔

بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج پر فورسز نے حملوں میں تیزی لائی ہے، جنوبی وزیرستان کے علاقے سپنکئی میں10 سے زیادہ فتنہ الخوارج کو ہلاک کردیا، جبکہ لکی مروت میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران 4 دہشتگرد مارے گئے۔ بلوچستان میں 9 مشتبہ سرنگیں تباہ اور 11 دیسی ساختہ بارودی آلات برآمد کیے گئے، جبکہ لورالائی اور کوہِ مردار میں مزید 5دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

یہ کارروائیاں آپریشن عزمِ استحکام، آپریشن گیارہ گرج اور آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گرد نیٹ ورکس، ان کے ٹھکانوں اور اسلحے کے ذخائر کے خلاف جاری سیکیورٹی اقدامات کا حصہ ہیں۔

سپنکئی میں بڑی کارروائی

جنوبی وزیرستان کے علاقے سپنکئی میں سیکیورٹی فورسز نے فتنۃ الخوارج کے ٹھکانوں کو نشانہ بناتے ہوئے مؤثر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 10 سے زیادہ خوارج ہلاک ہوگئے۔

یہ بھی پڑھیں:علاقائی تعاون افغانستان سے پھیلنے والی دہشتگردی کے خلاف مؤثر کارروائی سے مشروط، پاکستان نے ’ای سی او‘ اجلاس میں 5 نکاتی ترجیحی ایجنڈا پیش کردیا

فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو بھرپور انداز میں نشانہ بنایا۔ کارروائی کا مقصد علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی اور ان کی سرگرمیوں کا خاتمہ، امن و امان کی بحالی اور مقامی آبادی کے جان و مال کا تحفظ ہے۔

خیبرپختونخوا کی مشیرِ گورنر برائے اطلاعات، تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے جنوبی وزیرستان میں کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سپنکئی میں 10 سے زیادہ خوارج کی ہلاکت سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، بہادری اور غیر متزلزل عزم کا ثبوت ہے۔ دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنانا صوبے میں امن و استحکام کے قیام کی جانب اہم پیشرفت ہے۔

ثمر ہارون بلور کے مطابق فتنۃ الخوارج کے خلاف کارروائیاں دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے پختہ عزم کی عکاس ہیں۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ اور پائیدار امن کا قیام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

میر علی میں آپریشن کے بعد شہریوں کا اظہارِ اعتماد

شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں حالیہ فوجی کارروائی کے بعد مقامی آبادی اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان رابطوں اور تعاون کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں۔

کارروائی کے بعد جب فوجی جوان مقامی لوگوں سے ملنے کے لیے علاقے میں پہنچے تو شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا اور پاک فوج کے حق میں نعرے لگائے۔

بچوں نے بھی فوجی جوانوں کو دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ خوشی کے لمحات گزارے، جبکہ علاقے کے مشران نے سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

مقامی آبادی کی جانب سے سامنے آنے والے اس ردعمل میں امن کی خواہش کو نمایاں کیا گیا ہے۔

میر علی کے شہریوں کا پیغام ہے کہ انہیں دہشتگردی کے بجائے امن، تحفظ اور معمول کی زندگی درکار ہے اور وہ دہشتگرد عناصر کے بجائے اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں۔

یہ پیش رفت اس لیے بھی اہم ہے کہ شمالی وزیرستان طویل عرصے سے دہشتگردی اور سیکیورٹی چیلنجز کا سامنا کرتا رہا ہے۔

ایسے علاقوں میں پائیدار امن کے لیے صرف فوجی کارروائیاں کافی نہیں ہوتیں بلکہ مقامی آبادی کا اعتماد، مشران کا تعاون اور شہری زندگی کی بحالی بھی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔

لکی مروت میں آپریشن گیارہ گرج، 4 دہشتگرد ہلاک

لکی مروت کے علاقے ظریفوال میں 16 نومبر 2026 کو سیکیورٹی فورسز نے آپریشن 11گرج کے تحت مصدقہ انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 4 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشتگردوں کی موجودگی سے متعلق قابلِ اعتماد معلومات ملنے پر فورسز نے ان کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا اور مؤثر کارروائی کے ذریعے انہیں نشانہ بنایا۔

کارروائی کی کامیابی کے بعد واضح کیا گیا ہے کہ آپریشن 11 گرج کے تحت فتنۃ الخوارج کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

آپریشن ردالفتنہ 3، 9 سرنگیں تباہ، 11 بارودی آلات برآمد

بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت 16 نومبر کو سیکیورٹی فورسز نے مختلف علاقوں میں سرچ، کلیئرنس اور علاقائی نگرانی کی کارروائیاں کیں، جن کے دوران دہشتگردوں کے زیرِ استعمال 9 سرنگیں دریافت کرکے تباہ کردی گئیں، جبکہ 11 دیسی ساختہ بارودی آلات بھی برآمد ہوئے۔

مزید پڑھیں:گھر میں بربریت، پڑوس میں دہشتگردی ،قابض طالبان رجیم کا مکروہ چہرہ بے نقاب، افغان خواتین کی طبی محرومی پر عالمی جریدے کا ہوشربا انکشاف

موصولہ آپریشنل تفصیلات کے مطابق مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر مقصود آباد، گل جان بغداد اور صادق باغ کے عمومی علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔

ان کارروائیوں کے دوران ایسی 9  سرنگوں کا سراغ لگایا گیا جنہیں مبینہ طور پر فتنۃ الخوارج کے عناصر چھپنے اور اسلحہ و گولہ بارود ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کررہے تھے۔

سیکیورٹی فورسز نے تمام سرنگوں کو تباہ کردیا۔ کلیئرنس کے عمل کے دوران 11 دیسی ساختہ بارودی آلات بھی برآمد کیے گئے۔

اس کارروائی کی ایک اہم پیشرفت مقامی آبادی کا تعاون رہا۔ اطلاعات کے مطابق علاقے کے لوگوں نے نہ صرف سیکیورٹی فورسز کی کوششوں کو سراہا بلکہ سرنگوں کی نشاندہی میں بھی عملی معاونت فراہم کی۔

مقامی افراد کا یہ تعاون دہشتگردی کے خلاف اقدامات میں عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان رابطے اور اعتماد کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

لورالائی اور کوہِ مردار میں الگ الگ جھڑپیں، 5 دہشتگرد ہلاک

آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے 2 مزید مقامات پر سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان جھڑپوں میں مجموعی طور پر 5 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پہلی کارروائی لورالائی اسکاؤٹس کے علاقے میں پونگا پل کے عمومی مقام پر کی گئی، جہاں سیکیورٹی اہلکاروں نے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔

دوسری کارروائی کوہِ مردار کے علاقے ڈیگاری میں ہوئی، جہاں سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں مزید 3 دہشت گرد مارے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:دالبندین ایئرپورٹ پر حملے کا منصوبہ ناکام ، خفیہ اطلاع پر بروقت کارروائی نے دہشتگردوں کا پلان خاک میں ملا دیا

یوں 16 نومبر کو لورالائی اور کوہِ مردار میں ہونے والی دونوں جھڑپوں میں ہلاک دہشت گردوں کی مجموعی تعداد 5 ہوگئی۔

ان کارروائیوں کا تعلق بلوچستان میں جاری آپریشن ردالفتنہ 3 سے ہے، جس کے تحت دہشتگردوں کی نقل و حرکت روکنے اور ان کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی اقدامات جاری ہیں۔

اسی سلسلے میں 14 نومبر کو جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران میر علی اور اورکزئی میں 43 دہشت گرد ہلاک کیے گئے تھے، جبکہ بلوچستان میں 3 نومبر سے جاری کارروائیوں کے دوران 31 دہشت گردوں کی ہلاکت کی اطلاع دی گئی تھی۔

Related Articles