سرکاری دفاتر کے چکروں سے نجات،شہریوں کیلئے ای ڈومیسائل اور پی آر سی پورٹل کا باضابطہ آغاز

سرکاری دفاتر کے چکروں سے نجات،شہریوں کیلئے  ای ڈومیسائل اور پی آر سی پورٹل کا باضابطہ آغاز

کراچی کے شہریوں کے لیے ایک بڑی اور دیرینہ مشکل کا ازالہ کرتے ہوئے سندھ حکومت نے ڈومیسائل اور پرمیننٹ ریذیٹنٹ سرٹیفکیٹ (پی آر سی) کے حصول کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا ہے۔

اب شہریوں کو سرکاری دفاتر کے طویل چکر لگانے اور گھنٹوں قطاروں میں کھڑے ہونے کی زحمت نہیں اٹھانی پڑے گی ، چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے باضابطہ طور پر “ای ڈومیسائل اور پی آر سی پورٹل” کا افتتاح کر دیا ہے، جس کے بعد موبائل ایپلیکیشن اور آن لائن پورٹل کے ذریعے شہری اب گھر بیٹھے ان دستاویزات کے لیے درخواست جمع کرا سکیں گے اور ہفتوں کا طویل عمل اب محض چند گھنٹوں میں سمٹ جائے گا۔

جعلی ڈومیسائل کا خاتمہ 

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے کہا کہ نوجوانوں کا سرکاری نظام کے ساتھ پہلا واسطہ اکثر ڈومیسائل بنواتے وقت ہی پڑتا ہے۔ اس عمل کے آسان ہونے سے نہ صرف عوام میں حکومت کا مثبت تاثر ابھرے گا بلکہ ڈیجیٹل سسٹم کے نفاذ سے جعلی درخواستوں اور فرضی ڈومیسائل کا راستہ بھی ہمیشہ کے لیے بند ہو جائے گا۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ اس سہولت کے دائرہ کار کو مرحلہوار سندھ کے دیگر اضلاع تک بھی پھیلایا جائے گا۔

آن لائن پورٹل کے نمایاں فیچرز

کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ نئے پورٹل پر شہریوں کے لیے درج ذیل آسانیاں فراہم کی گئی ہیں۔

آسان رجسٹریشن اور چہرے کی شناخت ، پورٹل پر آن لائن رجسٹریشن کے ساتھ ساتھ چہرے کے ذریعے شناخت (فیشل ریکگنیشن) کی جدید ٹیکنالوجی رکھی گئی ہے۔

دستاویزات اور فیس کی ادائیگی  ، شہری مطلوبہ کاغذات گھر بیٹھے اپ لوڈ کر سکیں گے جبکہ فیس کی ادائیگی آن لائن یا بینک چالان کے ذریعے ممکن ہو گی۔

یہ بھی پڑھیں : اب ہر بات ریکارڈ پر، پشاور کے تمام پولیس اسٹیشن کے محرر کو مانیٹرنگ سسٹم میں لانے کا فیصلہ

لائیو ٹریکنگ ، درخواست گزار اپنی درخواست کی پیش رفت اور اس پر ہونے والے فیصلے کی لمحہ بہ لمحہ آن لائن مانیٹرنگ کر سکیں گے۔

ڈیجیٹل ریکارڈ اور فوری تصدیق  ، تمام جاری ہونے والے سرٹیفکیٹس کا ریکارڈ ایک مرکزی ڈیجیٹل نظام میں محفوظ رہے گا، اور مجاز ادارے کسی بھی وقت ان اسناد کی آن لائن تصدیق کر سکیں گے۔

تقریب کے آخر میں چیف سیکرٹری سندھ نے اس نئے ای پورٹل کے ذریعے سب سے پہلے ڈومیسائل حاصل کرنے والے نوجوانوں میں خود اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر کمشنر کراچی سید حسن نقوی سمیت شہر بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز بھی موجود تھے۔

editor

Related Articles