نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور ترکمانستان کے وزیر خارجہ رشید میریدوف کے درمیان اسلام آباد میں ایک اہم ملاقات ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دونوں رہنماوں کے درمیان یہ ملاقات پاکستان اور ترکمانستان کے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کے چھٹے اجلاس سے قبل ہوئی ، وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ترکمانستان کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، علاقائی روابط اور عوامی سطح پر تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔
علاقائی صورتحال پر بھی گفتگو
اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورتحال پر بھی اپنے خیالات کا تبادلہ کیا ، نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ زیرِ التوا مسائل کے حل اور خطے میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی واحد قابلِ عمل راستہ ہیں۔
ترکمانستان کے وزیرِ خارجہ رشید اووزگلدیویچ میریدوف نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور مسلسل سفارتی کوششوں کو سراہا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور ترکمانستان کے مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کا پانچواں اجلاس 17 اور 18 اگست 2017 کو اشک آباد میں منعقد ہوا تھا ، دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ، خوشگوار اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں، جن کی بنیاد مشترکہ تاریخ، ثقافتی قربت، باہمی احترام اور علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ میں مشترکہ مفادات پر استوار ہے۔
چھٹے اجلاس کا انعقاد دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے ، دیرینہ دوستی کو ٹھوس اقتصادی تعاون اور باہمی مفاد پر مبنی شراکت داریوں میں تبدیل کرنے کے دونوں ممالک کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔