پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں اور غفلت نے نظام ہلا کر رکھ دیا، خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں 382 اسکول بند

پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں اور غفلت نے نظام ہلا کر رکھ دیا، خیبرپختونخوا کے 12 اضلاع میں 382 اسکول بند

خیبرپختونخوا کے تعلیمی منظرنامے پر ایک بار پھر سوالیہ نشان لگ گیا ہے جہاں محکمہ تعلیم کی ایک  تفصیلی رپورٹ منظرِ عام پر آئی ہے جو یہ واضح کرتی ہے کہ کیسے پی ٹی آئی دور میں معصوم بچوں کے مستقبل کا داو پر لگایا گیا ۔

رپورٹ  کے مطابق صوبے کے 12 اضلاع میں 382 تعلیمی ادارے گزشتہ کئی برسوں سے مکمل طور پر غیر فعال پڑے ہیں، بند اسکولوں میں اکثریت قبائلی اضلاع کے پرائمری اسکولوں کی ہے، جو تحریک انصاف کے دور کی حکومتی غفلت اور نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

بحران کی بنیادی وجوہات اور متاثرہ اضلاع

رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق، باجوڑ، مہمند، خیبر، کرم، اورکزئی، شمالی وزیرستان، جنوبی وزیرستان اپر، جنوبی وزیرستان لوئر، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں اور لکی مروت میں تعلیمی ڈھانچہ تباہی کے دہانے پر ہے ،  امن و امان کی خراب صورتحال، قدرتی آفات بشمول سیلاب، علاقائی تنازعات اور حل طلب عدالتی مقدمات نے سینکڑوں درس گاہوں کو تالے لگے ہیں ۔

اساتذہ کی قلت اور بنیادی سہولیات کا فقدان

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ان 12 اضلاع میں تدریسی عملے کا بحران بھی سنگین نوعیت اختیار کر چکا ہے ،  اساتذہ کی مجموعی طور پر 51 ہزار 614 منظور شدہ آسامیوں کے مقابلے میں صرف 42 ہزار 777 اساتذہ فرائض انجام دے رہے ہیں، جس کے نتیجے میں 17 فیصد (8 ہزار 837) آسامیاں خالی پڑی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : اب ہر بات ریکارڈ پر، پشاور کے تمام پولیس اسٹیشن کے محرر کو مانیٹرنگ سسٹم میں لانے کا فیصلہ

اس کے علاوہ درجنوں اسکول تاحال چار دیواری سے محروم ہیں جبکہ سینکڑوں اداروں میں بجلی اور پینے کے صاف پانی جیسی بنیادی سہولیات کا بھی کوئی نام و نشان نہیں۔
محکمہ تعلیم نے ان بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے 3 ارب روپے کی لاگت کا تخمینہ لگایا ہے، جبکہ 50 سے کم طلبہ رکھنے والے 124 اسکولوں کو قریبی اداروں میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

عوامی غصہ اور سیاسی ترجیحات پر کڑی تنقید

صوبے کے عوام کی جانب سے گزشتہ 13 برسوں کی صوبائی حکومت کو اس تعلیمی زوال کا براہ راست ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے ،  شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے تک صوبے میں تعمیری اور فلاحی کاموں کے بجائے احتجاجی سیاست، دھرنوں اور وفاق پر چڑھائی جیسے تماشوں کو ترجیح دی گئی، جس کی بھاری قیمت معصوم بچوں کے مستقبل کی صورت میں چکانی پڑی ، عوام کا کہنا ہے کہ گزشتہ ادوار میں مبینہ کرپشن، بدانتظامی اور ذاتی مفادات کی سیاست نے سرکاری اداروں کو اندر سے کھوکھلا کر دیا ہے۔

نئی انتظامیہ کے اقدامات اور روشن امیدیں

دوسری جانب، انتظامی و حکومتی حلقوں کا کہنا ہے کہ صوبے میں گورنر راج کے نفاذ کے بعد امن و امان کے قیام، گڈ گورننس اور تباہ حال اداروں کی بحالی کے لیے تیز اور سخت ترین اقدامات کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

مقامی شہریوں کے مطابق، موجودہ انتظامیہ کی اولین ترجیح تعلیم اور صحت کے شعبوں کی فوری اصلاح، بدعنوانی کا جڑ سے خاتمہ اور قبضہ مافیا سمیت غیر قانونی کان کنی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کرنا ہے، تاکہ خیبرپختونخوا کے بچوں کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے اور صوبے کو دوبارہ ترقی کی راہ پر ڈالا جا سکے۔

editor

Related Articles