15 ملین خفیہ فائلیں لیک،ایپسٹین سے ٹرمپ تک اہم نام سامنے آگئے،جرمن بینک میں بھونچال

15 ملین خفیہ فائلیں لیک،ایپسٹین سے ٹرمپ تک اہم نام سامنے آگئے،جرمن بینک میں بھونچال

جرمنی کے بڑے مالیاتی ادارے ڈوئچے بینک کی 15 ملین سے زائد اندرونی دستاویزات افشا ہونے کے بعد عالمی مالیاتی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔

 لیک ہونے والے ریکارڈ میں روسی ارب پتیوں، بدنام زمانہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق مالی معاملات کی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔ ان انکشافات نے بینک کے مالیاتی نگرانی اور صارفین کی معلومات کے تحفظ کے نظام پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

فنانشل ٹائمز کے مطابق دو باخبر ذرائع نے بینک کی اندرونی ای میلز، بورڈ اجلاسوں کی کارروائی، مالیاتی تحقیقات، نگرانی سے متعلق دستاویزات اور ملازمین کی گفتگو پر مشتمل ریکارڈ صحافیوں کو فراہم کیا۔

ان دستاویزات کا دنیا بھر کے 50 سے زائد ذرائع ابلاغ سے تعلق رکھنے والے 200 سے زیادہ صحافیوں نے کئی ماہ تک جائزہ لیا۔ تحقیقات میں بینک کے کاروباری فیصلوں اور مالیاتی نگرانی کے طریقہ کار سے متعلق متعدد اہم معاملات سامنے آئے۔
روسی ارب پتیوں سے کاروباری روابط
دستاویزات کے مطابق ڈوئچے بینک نے کرسچن سیونگ کی قیادت میں بعض مواقع پر قواعد کی پابندی سے متعلق خدشات کے باوجود روس میں کاروبار بڑھانے کی منصوبہ بندی کی۔ اس انکشاف نے بینک کی کاروباری ترجیحات اور داخلی نگرانی کے نظام پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
ایپسٹین کی 60 کروڑ ڈالر کی مشتبہ ادائیگیاں
تحقیق میں بدنام زمانہ جنسی مجرم جیفری ایپسٹین سے منسلک تقریباً 60 کروڑ ڈالر کی مشتبہ ادائیگیوں کا معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔ یہ ادائیگیاں بینک کی مالیاتی نگرانی کے دائرے میں آئیں اور ان کی تفصیلات نے مالیاتی قواعد پر عمل درآمد سے متعلق سوالات کو جنم دیا۔ تاہم یہ رقم بذات خود کسی جرم کا ثبوت نہیں ہے۔
ٹرمپ کی مالی معلومات بھی لیک ہوگئیں
دستاویزات میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے متعلق ایک اہم واقعہ بھی سامنے آیا ہے۔ تحقیق کے مطابق 2017 میں بینک کے ایک ملازم کی غلطی سے ٹرمپ سمیت 1586 صارفین کی مالی معلومات پر مشتمل ایک لنک بیرونی شخص تک پہنچ گیا تھا۔

بینک انتظامیہ نے اس واقعے کو خفیہ رکھنے کا فیصلہ کیا اور وائٹ ہاؤس کو بھی مطلع نہیں کیا۔ اس معاملے نے صارفین کی حساس مالی معلومات کے تحفظ کے حوالے سے بینک کی پالیسی پر سوالات اٹھائے ہیں۔
حصص کی قیمت میں 6 فیصد کمی
ان انکشافات کے بعد ڈوئچے بینک کے حصص کاروبار کے دوران تقریباً 6 فیصد تک گر گئے۔ اس پیش رفت سے سرمایہ کاروں میں تشویش پیدا ہوئی ہے۔

دوسری جانب بینک کا مؤقف ہے کہ سامنے آنے والے معاملات کئی برس پرانے ہیں۔ انتظامیہ کے مطابق 2019 سے 2025 کے دوران نگرانی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے 7 ارب یورو خرچ کیے گئے ہیں۔

editor

Related Articles