27ویں آئینی ترمیم پر دباؤ میں ووٹ دینے کا بیان بلاول کی نااہلی کا سبب بن سکتا ہے، رانا ثناء اللہ

27ویں آئینی ترمیم پر دباؤ میں ووٹ دینے کا بیان بلاول کی نااہلی کا سبب بن سکتا ہے، رانا ثناء اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے 27ویں آئینی ترمیم دباؤ اور جبری اکثریت سے منظور کرانے کا بیان ان کے لیے قانونی مشکلات پیدا کرسکتا ہے اور نااہلی کا خطرہ بھی سامنے آسکتا ہے۔

 نجی ٹی وی میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر کسی سیاسی جماعت کا سربراہ یہ مؤقف اختیار کرے کہ اس نے دباؤ کے تحت کسی آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا تو اس بیان کے قانونی نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ ان کے مطابق بلاول بھٹو کے اس مؤقف سے ان کی نااہلی کا معاملہ بھی پیدا ہوسکتا ہے۔

27ویں ترمیم سے بننے والے جوڈیشل کمیشن کے رکن ہیں بلاول

رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو 27ویں آئینی ترمیم کے تحت تشکیل پانے والے جوڈیشل کمیشن کے بینیفشری بھی ہیں اور اس کے رکن ہیں۔ ان کے خیال میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے حالیہ ناراضی کے باعث یہ باتیں کی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو سندھ کی تقسیم سے متعلق بحث پر ناراض ہیں اور پیپلز پارٹی کو ابتدا ہی سے اس معاملے پر تحفظات رہے ہیں۔ تاہم بلاول نے سیاسی طور پر بعض سنجیدہ باتیں بھی کی ہیں، خصوصاً گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے انتخابات کے حوالے سے دونوں جماعتوں کے درمیان پائی جانے والی تلخیوں کو ختم کرکے اتفاق رائے سے آگے بڑھنے کی بات کی ہے۔

حکومت اور پیپلز پارٹی آمنے سامنے نہیں آئیں

وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور نے واضح کیا کہ بلاول بھٹو کے بیانات کا جواب دینے کا مطلب یہ نہیں کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی ایک دوسرے کے مقابل آگئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی معاملات پر اختلافات ہوسکتے ہیں، لیکن اس کا مطلب حکومتی اتحاد میں تصادم نہیں۔

رانا ثناء اللہ نے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کے مولانا فضل الرحمان سے متعلق رویے کا معاملہ بھی اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل کریم کنڈی دیگر سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کررہے ہیں، لیکن انہیں مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کرنی چاہیے اور بلاول بھٹو کو اس معاملے کا نوٹس لینا چاہیے۔

نئے صوبوں کا فیصلہ پارلیمنٹ میں ہوگا، اتفاق رائے ضروری ہے

نئے انتظامی یونٹس اور صوبوں کے قیام سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ بحث ابھی پارلیمنٹ میں داخل نہیں ہوئی اور نہ ہی کابینہ میں اس معاملے پر حتمی بات چیت ہوئی ہے۔ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق فیصلے کرنے کا اصل فورم پارلیمنٹ ہے، جہاں اس معاملے پر تفصیلی بحث اور اتفاق رائے ضروری ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اگر ریفرنڈم کرانے کی ضرورت پیش آتی ہے تو اس کا فیصلہ بھی پارلیمنٹ ہی کرے گی۔ ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی رائے معلوم کرنے میں کوئی حرج نہیں، کیونکہ عوامی رائے تمام سیاسی جماعتوں اور فیصلہ سازوں کے لیے رہنمائی فراہم کرسکتی ہے۔

رانا ثناء اللہ کے مطابق نئے صوبوں کے قیام جیسے اہم معاملے پر اتفاق رائے سے ہی آگے بڑھنا ہوگا اور اس حوالے سے پارلیمانی بحث بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

editor

Related Articles