امریکہ کا ایرانی جزیرے  قشم پر  حملہ ، میزائل لانچر کونشانہ بنایا، خطے میں ہلچل

امریکہ کا ایرانی جزیرے  قشم پر  حملہ ، میزائل لانچر کونشانہ بنایا، خطے میں ہلچل

 مریکی جنگی طیاروں نے ایران کے جزیرہ قشم پر پاسداران انقلاب کی میزائل لانچنگ سائٹ کو نشانہ بنایا ہے۔ امریکی فوج نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے اپنے اہلکاروں اور فوجی اثاثوں کے تحفظ کے لیے دفاعی کارروائی قرار دیا ہے، جبکہ ایران نے حملے کی مذمت کردی ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ایک امریکی فوجی عہدیدار نے بتایا کہ منگل کے روز کیے گئے فضائی حملے میں جنگی طیاروں نے انتہائی درست نشانہ لگانے والے ہتھیار استعمال کیے۔ امریکی مؤقف کے مطابق یہ کارروائی ایرانی حملوں کے جواب میں کی گئی جن سے امریکی اہلکاروں اور فوجی تنصیبات کو خطرات لاحق تھے۔
ایرانی حکام نے بھی جزیرہ قشم پر امریکی حملے کی تصدیق کی ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ حملے میں کسی رہائشی یا تجارتی علاقے اور اہم بنیادی ڈھانچے کو نقصان نہیں پہنچا۔
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی طیاروں نے جزیرے قشم کے علاقے ناریمان میں فضائی دفاعی میزائل لانچر کو نشانہ بنایا۔ اس کارروائی کے بعد خطے میں دونوں ممالک کے درمیان جاری فوجی محاذ آرائی میں اضافہ ہو گیا ۔

دوسری جانب ایران کے پاسداران انقلاب نے اس سے قبل بحرین میں قائم عیسیٰ ایئر بیس پر امریکی ریڈار نظام کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔ ایرانی فورسز کے مطابق یہ کارروائی ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزیوں کے جواب میں کی گئی۔

تاہم امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایرانی ڈرون حملوں کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بحرین کی جانب آنے والے ایرانی ڈرونز کو راستے میں ہی روک لیا گیا تھا۔ امریکی فوج کے مطابق اس کارروائی میں نہ تو فوجی سازوسامان کو نقصان پہنچا اور نہ ہی کوئی امریکی اہلکار زخمی ہوا۔

editor

Related Articles