پاکستان اور ترکیہ نے دفاعی تعاون، فضائی اور ایئرو اسپیس کے شعبوں میں شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رفعت دلکران کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ایئر ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے اہم ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ترک فضائیہ کے اعلیٰ سطح کے وفد کی ایئر ہیڈکوارٹرز آمد پر معزز مہمان کو پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔
ملاقات کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون، فضائی شعبے میں اشتراک اور ایئرو اسپیس ٹیکنالوجی میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کی شراکت داری مضبوط تزویراتی تعلقات میں تبدیل ہو چکی ہے، جبکہ دفاع اور ایئرو اسپیس کے شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
سربراہ پاک فضائیہ نے ترک فضائیہ کو پائلٹوں کی تربیت، پیشہ ورانہ مہارتوں کے فروغ اور استعداد کار میں اضافے کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رفعت دلکران نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل صلاحیتوں اور جنگی تجربے کو سراہا۔ انہوں نے پاک فضائیہ کی جدت طرازی اور مقامی سطح پر ایئرو اسپیس ٹیکنالوجی میں بڑھتی ہوئی صلاحیتوں کی بھی تعریف کی۔
ترک فضائیہ کے کمانڈر نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاک فضائیہ کے آپریشنل تجربات سے استفادہ کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
