5 ارب روپے کے 70 منصوبے،خیبرپختونخوا کے تعلیمی نظام کی بحالی کا بڑا پلان تیار

5 ارب روپے کے 70 منصوبے،خیبرپختونخوا کے تعلیمی نظام کی بحالی کا بڑا پلان تیار

خیبرپختونخوا کے تعلیمی نظام کی صورتحال سے متعلق سامنے آنے والے اعدادوشمار نے صوبے میں سرکاری تعلیم کے شعبے کو درپیش بڑے چیلنجز کی نشاندہی کردی ہے۔ صوبے میں 29 لاکھ لڑکیوں سمیت مجموعی طور پر 49 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں۔ 12 مخصوص اضلاع میں 512 سرکاری اسکول بند پڑے ہیں جبکہ 264 اسکولوں میں کوئی استاد تعینات نہیں۔

گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر تعلیم عامر عبداللہ نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے کے تعلیمی شعبے کی بہتری کے لیے 5 ارب روپے کی لاگت سے 70 منصوبوں پر مشتمل 180 روزہ پلان تیار کیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت اسکولوں کی فعالیت، اساتذہ کی تربیت، تعلیمی سہولیات اور داخلوں میں اضافے پر توجہ دی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 1500 سرکاری اسکول آؤٹ سورس کیے جائیں گے جبکہ پہلے ہی 421 اسکول اس نظام کے تحت چلائے جا رہے ہیں۔ ان کے مطابق آؤٹ سورس کیے گئے اسکولوں میں معیار تعلیم بہتر ہوا ہے اور طلبہ کے داخلوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

مشیر تعلیم کا کہنا تھا کہ صوبے میں 35 ہزار سرکاری اسکولوں کے لیے 44 ہزار 747 اساتذہ کی آسامیاں خالی پڑی ہیں۔ 11 ہزار سے زائد اسکول ایسے ہیں جہاں صرف ایک یا دو اساتذہ تعینات ہیں۔ دوسری جانب بعض علاقوں میں اساتذہ کی کمی جبکہ دیگر مقامات پر ضرورت سے زیادہ عملے کی موجودگی بھی انتظامی مسائل پیدا کر رہی ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ قبائلی اضلاع میں 329 اسکول غیر فعال ہیں۔ بعض مقامات پر اساتذہ مبینہ طور پر رقم کے عوض اپنی جگہ دوسرے افراد کو تعینات کروا رہے ہیں۔ اس طرزعمل کے باعث جہاں تدریسی عملے کی ضرورت ہے وہاں اساتذہ دستیاب نہیں جبکہ بعض اسکولوں میں عملہ ضرورت سے زیادہ موجود ہے۔

عامر عبداللہ نے بتایا کہ 12 مخصوص اضلاع کے 107 اسکولوں میں اساتذہ یا طلبہ میں سے کوئی بھی موجود نہیں۔ ان کے مطابق پشاور میں اسکولوں سے باہر بچوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔

سرکاری اسکولوں کی بنیادی سہولیات سے متعلق بھی تشویشناک صورتحال سامنے آئی ہے۔ صوبے کی 1700 لیبارٹریوں میں سے 325 کے کمپیوٹر برسوں سے خراب پڑے ہیں۔ نتیجتاً بعض اسکولوں میں طلبہ کو عملی کمپیوٹر تعلیم دینے کے بجائے بلیک بورڈ کے ذریعے آئی ٹی پڑھائی جا رہی ہے۔

اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بھی صوبے کو مشکلات کا سامنا ہے۔ مشیر تعلیم کے مطابق خیبرپختونخوا میں اعلیٰ تعلیم تک رسائی کی شرح صرف 8 فیصد ہے جو سندھ اور پنجاب کے مقابلے میں انتہائی کم ہے۔

صوبے کی 34 جامعات میں 698 شعبے قائم ہیں لیکن ان میں سے 208 شعبے گزشتہ تین سال کے دوران ایک بھی تحقیقی مقالہ تیار نہیں کرسکے۔

مشیر تعلیم نے بتایا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے 100 روزہ منصوبہ متعارف کرایا جا رہا ہے۔ ای ٹرانسفر نظام کو بھی اس تربیتی پروگرام کی تکمیل سے منسلک کیا جائے گا تاکہ اساتذہ کی تعیناتی اور تبادلوں کے عمل کو بہتر بنایا جاسکے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کی اسکیم کے تحت خیبرپختونخوا میں 7 دانش اسکول قائم کیے جائیں گے جبکہ 424 اسکولوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کا منصوبہ بھی شامل ہے۔ ورچوئل اسکول منصوبے کو وسعت دینے کے ساتھ محکمہ تعلیم میں پہلے سے موجود مفید منصوبوں کو بھی آگے بڑھایا جائے گا۔

مشیر تعلیم کے اعلان کردہ اقدامات میں بند اسکولوں کی بحالی، اساتذہ کی دستیابی، تعلیمی معیار میں بہتری اور لاکھوں بچوں کو اسکولوں میں واپس لانے کا چیلنج مرکزی اہمیت رکھتا ہے۔

editor

Related Articles