پمز اسپتال کے سرجیکل ویسٹ اسٹیشن پر ایف آئی اے کا چھاپہ، اہم ریکارڈ قبضے میں لے لیا، 3 افراد گرفتار

پمز اسپتال کے سرجیکل ویسٹ اسٹیشن پر ایف آئی اے کا چھاپہ، اہم ریکارڈ قبضے میں لے لیا، 3 افراد گرفتار

اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال کے سرجیکل ویسٹ اسٹیشن پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے تین افراد کو حراست میں لے لیا، جبکہ پلیسنٹا (نال) کو تلف کرنے کے عمل سے متعلق اہم ریکارڈ اور دستاویزات بھی قبضے میں لے لی گئیں۔

ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم نے پمز اسپتال کے انسینریٹر پر چھاپہ مار کر سرجیکل ویسٹ مینجمنٹ اور پلیسنٹا کو تلف کرنے کے طریقہ کار کی جانچ پڑتال کی۔ کارروائی کے دوران متعلقہ ریکارڈ کا جائزہ لیا گیا اور اہم دستاویزات تحویل میں لے لی گئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے نے کارروائی کے دوران پمز اسپتال سے وابستہ تین افراد کو حراست میں لیا، جن میں اسپتال کا ایک ملازم، ایک ریٹائرڈ انجینئر اور ایک سیکیورٹی گارڈ شامل ہیں۔ حراست میں لیے گئے افراد کا تعلق پمز کے شعبہ انفیکشن کنٹرول سے بتایا جا رہا ہے۔

معلومات کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم نے کارروائی سے قبل پمز اسپتال کی انتظامیہ کو آگاہ کر دیا تھا، جس کے بعد سرجیکل ویسٹ اسٹیشن پر موجود ریکارڈ، پلیسنٹا کی تلفی کے عمل اور متعلقہ دستاویزات کی جانچ پڑتال کی گئی۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کا بنیادی مقصد انسینریٹر میں پلیسنٹا کو تلف کرنے کے طریقہ کار اور اس سے متعلق ریکارڈ کی تصدیق کرنا تھا۔

تاہم ایف آئی اے کی جانب سے تاحال کارروائی کی اصل وجوہات، حراست میں لیے گئے افراد کے خلاف ممکنہ الزامات اور تحقیقات کے نتائج سے متعلق کوئی باضابطہ تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

Related Articles