امریکی گلوکارہ بیونسے نے موسیقی کی دنیا میں ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ وہ گریمی ایوارڈز کی تاریخ میں مجموعی طور پر 100 نامزدگیاں حاصل کرنے والی دنیا کی پہلی فنکارہ بن گئی ہیں۔
بیونسے کو رواں برس اپنے گانے ’مارننگ ڈیو (ڈونک)‘ پر بہترین آر اینڈ بی سولو پرفارمنس کی کیٹیگری میں نامزد کیا گیا ہے۔ یہ ان کے شاندار میوزک کیریئر کی 100 ویں گریمی نامزدگی ہے، جس کے ساتھ انہوں نے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا۔
اس سے قبل 2024 میں بھی بیونسے گریمی ایوارڈز کی تاریخ میں سب سے زیادہ نامزدگیاں حاصل کرنے والی فنکارہ بن گئی تھیں۔ اس اعزاز کے لیے انہوں نے اپنے شوہر اور معروف گلوکار جے زی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔
بیونسے کی کامیابی صرف نامزدگیوں تک محدود نہیں بلکہ ایوارڈز جیتنے کے حوالے سے بھی ان کا ریکارڈ غیر معمولی ہے۔ وہ اب تک مجموعی طور پر 35 گریمی ایوارڈز اپنے نام کرچکی ہیں اور اس اعتبار سے گریمی تاریخ کی سب سے زیادہ ایوارڈز حاصل کرنے والی فنکارہ ہیں۔
انہوں نے 2023 میں سب سے زیادہ گریمی ایوارڈز جیتنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا، جبکہ 2025 میں اپنے البم ’کاؤ بوائے کارٹر‘ کے لیے پہلی مرتبہ بہترین البم آف دی ایئر کا ایوارڈ بھی حاصل کیا۔
گریمی ایوارڈز کی 69 ویں تقریب 7 فروری 2027 کو لاس اینجلس کے کرپٹو ڈاٹ کام ایرینا میں منعقد ہوگی۔ اس تقریب میں بیونسے کے پاس اپنی 100 ویں نامزدگی کو ایک اور کامیابی میں تبدیل کرنے کا موقع ہوگا۔ یوں بیونسے نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ موسیقی کی دنیا میں ان کا سفر نئے ریکارڈز بنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔