سینئر سیاستدان فیاض الحسن چوہان نے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور ان کے خاندان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب ملک میں راوی بالکل چین لکھ رہا تھا تو مولانا فضل الرحمان نے نام نہاد نیلسن منڈیلا بننے کی خاطر اڑتا ہوا تیر خود پکڑا۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے شہداء سے متعلق جو گفتگو کی وہ انتہائی قابلِ مذمت اور افسوسناک تھی، انہوں نے اداروں کے خلاف خود محاذ آرائی شروع کی جس کے پیچھے کئی وجوہات ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ تین ماہ سے ریاست کے خلاف ماحول بنایا گیا، تاہم اب اداروں نے تمام تر شواہد کی بنیاد پر فیصلہ کر لیا ہے کہ ریاست اور اس کی رٹ کیا ہوتی ہے،فیاض الحسن چوہان نے الزام عائد کیا کہ فضل الرحمان اور ان کے خاندان کی مبینہ بے ضابطگیوں پر جب ریاست نے قانونی شکنجہ سخت کیا تو اب ان کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب بدھو کمپنی یا تاجا حوالدار والا ماحول نہیں چلے گا اور نہ ہی کسی کو شتر بے مہار چھوڑا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں :فضل الرحمان اور ان کے خاندان کا کچا چٹھا کھولیں گے، بلیک میلنگ اور دباؤ کی سیاست ختم ہوچکی، فیاض الحسن چوہان
انہوں نے دعویٰ کیا کہ احتساب اب بلا امتیاز اور بمعہ اہل و عیال ہوگا، جس میں کرپشن کے مبینہ فرنٹ مین امان اللہ اور دیگر کردار بھی قانون کی گرفت میں آ چکے ہیں، فیاض چوہان کے مطابق ساری حقیقت سامنے آ چکی ہے اور ریاست اب مکمل گرفت کر رہی ہے، جس سے ان کے ہوش اڑے ہوئے ہیں۔
سینئر سیاستدان نے مزید انکشاف کیا کہ جو مولانا فضل الرحمان ماضی میں دھمکیاں دیتے تھے، اب انہوں نے معاملہ رفع دفع کرنے کے لیے مولانا عطاء الرحمان کو بھیج کر منتیں ترلے شروع کر دیے ہیں، لیکن اب معاملات بہت آگے نکل چکے ہیں اور انہیں اپنے کیے کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حافظ حمد اللہ اور مفتی کفایت اللہ سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی فضل الرحمان کو اس راستے سے روکا تھا، فیاض الحسن چوہان نے اسعد محمود کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کے گوشوارے منظرِ عام پر آنا شروع ہو گئے ہیں اور ہر نیا دن ان کی مبینہ کرپشن اور بددیانتی کی نئی کہانیاں لے کر آ رہا ہے۔
