دنیا بھر میں مقبول ویڈیو گیم ’جی ٹی اے 6‘ کی ریلیز سے قبل برطانیہ کے بعض اسکولوں نے طلبہ کو غیر حاضری سے روکنے کے لیے دلچسپ حکمت عملی اپنا لی ہے۔
اسکول انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ گیم کی ریلیز کے دنوں میں کلاسز میں حاضر ہونے والے طلبہ کو قرعہ اندازی کے ذریعے گیمنگ گفٹ کارڈز دیے جائیں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 19 نومبر کو جی ٹی اے 6 کی متوقع ریلیز کے پیش نظر خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ کئی طلبہ اسکول آنے کے بجائے گھر پر رہ کر نئی گیم کھیلنے کو ترجیح دیں گے۔
اسی خدشے کے پیش نظر شمالی آئرلینڈ کے شہر بیلفاسٹ کے بوائز ماڈل اسکول نے 19 اور 20 نومبر کو باقاعدگی سے حاضر ہونے والے طلبہ کے لیے 70 پاؤنڈ مالیت کے گیمنگ گفٹ کارڈز کی قرعہ اندازی کا اعلان کیا ہے۔
اسکول انتظامیہ کے مطابق اس پیشکش کا مقصد طلبہ کی حاضری بہتر بنانا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ان کے ریاضی کے امتحانات بھی جاری ہیں۔
دوسری جانب انگلینڈ کے سینٹ جانز کیتھولک اسکول نے بھی اسی نوعیت کا اقدام کرتے ہوئے حاضر ہونے والے طلبہ کے لیے 65 پاؤنڈ مالیت کے انعام کی قرعہ اندازی کا اعلان کیا ہے۔
یوں جی ٹی اے 6 کی مقبولیت نے ریلیز سے پہلے ہی اسکولوں کو طلبہ کی حاضری یقینی بنانے کے لیے دلچسپ طریقے اپنانے پر مجبور کر دیا ہے۔