پنجاب کے عوام کے لیے بڑی خوشخبری، مفت سولر پینل سکیم کا دوسرا مرحلہ منظور

پنجاب کے عوام کے لیے بڑی خوشخبری، مفت سولر پینل سکیم کا دوسرا مرحلہ منظور

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام کو بجلی کے بھاری بلوں سے ریلیف دینے اور متبادل توانائی کے منصوبوں کو وسعت دینے کے لیے سی ایم سولر پینل سکیم کے دوسرے مرحلے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے فیز ٹو میں مستحقین کی تعداد 90 ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے چولستان میں پانچ ہزار سولر پینلز کی فراہمی کے پائلٹ پراجیکٹ کی بھی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں صوبے میں توانائی کے متبادل ذرائع کے فروغ، بجلی کے اخراجات میں کمی اور سالڈ ویسٹ سے توانائی پیدا کرنے کے منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ستھرا پنجاب پروگرام کے اشتراک سے سالڈ ویسٹ سے انرجی اور بائیوفیول پراجیکٹس تیار کرنے کے لیے پلان طلب کر لیا گیا، جبکہ صوبے کے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں کا انرجی آڈٹ کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں میں بجلی کی کھپت اور انرجی لوڈ کے مطابق الیکٹرک پینل نصب کیے جائیں تاکہ توانائی کے استعمال کو مؤثر بنایا جا سکے اور بجلی کے اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔ اجلاس میں تین ہزار ٹن ویسٹ سے توانائی پیدا کرنے کے پائلٹ پراجیکٹ کی اصولی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں اینیمل ویسٹ، ایگری ویسٹ اور سالڈ ویسٹ سے بائیوانرجی اور بائیوفیول پیدا کرنے کے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ ننکانہ میں دھان اور دیگر فصلوں کی باقیات استعمال کرتے ہوئے بائیوریفائنری پراجیکٹ کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی، جبکہ پنجاب میں کمرشل اسکیل پرائیویٹ ڈیریز اور کمیونٹی بیسڈ بائیو گیس پلانٹس کے قیام کے منصوبوں پر بھی بریفنگ دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں:ریاست پر وار بھی اور ریاست سے سیکیورٹی بھی؟ فضل الرحمان اور اسعد محمود سے ایف سی اہلکار واپس

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے چولستان میں 40 مقامات پر واٹر سپلائی سکیموں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی اصولی منظوری بھی دے دی۔ اس اقدام کا مقصد دور دراز اور صحرائی علاقوں میں پانی کی فراہمی کے نظام کو متبادل توانائی کے ذریعے فعال اور کم خرچ بنانا ہے۔ اجلاس میں صوبائی وزیر فیصل کھوکھر اور سیکرٹری انرجی نے توانائی کے جاری منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی پر تفصیلی بریفنگ دی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ سی ایم سولر پینل سکیم کے پہلے مرحلے میں ساڑھے تین لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ 89 ہزار 869 مستحق افراد کو سولر پینل فراہم کیے گئے۔ حکام کے مطابق اس سکیم سے مستفید ہونے والے صارفین کے بجلی کے بلوں میں تقریباً ایک تہائی بچت ہوئی اور پنجاب بھر میں اس منصوبے کو عوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ پنجاب کے 76 سکولوں کو پائلٹ پراجیکٹ کے تحت سولر انرجی پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ صوبے میں تقریباً چار لاکھ 90 ہزار ٹن اینیمل ویسٹ سے 7.15 بلین کیوبک میٹر بائیو گیس پیدا کرنے کی استعداد موجود ہے، جبکہ اینیمل، ایگری اور سالڈ ویسٹ کو استعمال کرتے ہوئے 1.6 ارب یونٹ بجلی پیدا کی جا سکتی ہے۔ ان منصوبوں پر عمل درآمد سے توانائی کے متبادل ذرائع کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ فضلے کو کارآمد وسائل میں تبدیل کرنے میں مدد ملے گی۔

دوسری جانب انرجی ڈیپارٹمنٹ کے عوامی سروے میں شہریوں نے سی ایم سولر پینل سکیم کو بجلی کے اخراجات میں کمی کا ذریعہ قرار دیا۔ سروے میں شہریوں کا کہنا تھا کہ مریم نواز شریف کے دورِ حکومت میں غریب اور مستحق طبقے کے لیے متعدد ریلیف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ عوامی رائے کے مطابق سولر پینل سکیم سے بعض گھرانوں کے بجلی کے بل تقریباً نصف رہ گئے ہیں۔

حکومت پنجاب کی جانب سے سولر پینل سکیم کے دوسرے مرحلے میں مستحقین کی تعداد ایک لاکھ تک بڑھانے، چولستان میں پانچ ہزار سولر پینلز کے پائلٹ منصوبے، واٹر سپلائی سکیموں کی سولرائزیشن اور ویسٹ سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کو صوبے میں توانائی کے متبادل نظام کو وسعت دینے کی کوششوں کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ان اقدامات سے گھریلو صارفین، سرکاری اداروں اور دور دراز علاقوں کو توانائی کے متبادل ذرائع فراہم کرنے کے نئے مواقع پیدا ہوں گے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles