ریاست پر وار بھی اور ریاست سے سیکیورٹی بھی؟ فضل الرحمان اور اسعد محمود سے ایف سی اہلکار واپس

ریاست پر وار بھی اور ریاست سے سیکیورٹی بھی؟ فضل الرحمان اور اسعد محمود سے ایف سی اہلکار واپس

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان اور ان کے صاحبزادے اسعد محمود سے فرنٹیئر کور (ایف سی) کی سیکیورٹی واپس لے لی گئی ہے، جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان میں واقع ان کی رہائش گاہ سے بھی سیکیورٹی اہلکاروں کو ہٹا کر 15 منٹ کے اندر اپنی متعلقہ یونٹس میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

 سیاسی و دفاعی مبصرین اور عوامی حلقوں کی جانب سے اس اقدام کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے اور اس بات پر زور دیا جا رہا ہے کہ جو عناصر دن رات ریاست اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف زہر اگلتے ہیں، انہیں انہی اداروں کے جوانوں اور سرکاری وسائل پر پلنے والی شاہانہ سیکیورٹی کا کوئی اخلاقی جواز حاصل نہیں ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ معاملہ فضل الرحمان کی دہائیوں پر محیط دوغلی سیاست اور دوہرے معیار کو کھل کر بے نقاب کرتا ہے۔

 ایک طرف فضل الرحمان اپنے سیاسی جلسوں اور بیانات میں ریاستی پالیسیوں، آئینی ڈھانچے اور سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر بے جا تنقید کے تیر برساتے ہیں اور سرحد پار بیٹھے دہشت گردوں کے سرپرستوں کے لیے نرم گوشہ رکھتے نظر آتے ہیں، لیکن جب اپنی ذات اور خاندان کی حفاظت کا سوال آتا ہے تو انہیں انہی ریاستی فورسز کے مسلح جوان، بلٹ پروف گاڑیاں اور سرکاری پروٹوکول درکار ہوتا ہے۔

 مبصرین کے بقول یہ کھلا تضاد ہے کہ جن اداروں کے شہداء کے جنازوں پر خاموشی اختیار کی جاتی ہے، انہی اداروں کے اہلکاروں کو ذاتی دربان اور محافظ بنا کر رکھا جائے۔

یہ بھی پڑھیں:2012 کا اسمبلی ریکارڈ بول اٹھا! نئے صوبوں کے حق میں قرارداد لانے والی پیپلز پارٹی کا دوہرا معیار بے نقاب

سیاسی و سماجی حلقوں کا مؤقف ہے کہ عوامی ٹیکسوں پر پلنے والی سیکیورٹی اور سرکاری پروٹوکول کو ذاتی جاگیر سمجھ لینے کا کلچر اب ختم ہونا چاہیے۔  ماضی میں فضل الرحمان اپنے جلسوں اور دھرنوں میں یہ دعوے کرتے رہے ہیں کہ ان کے پاس لاکھوں کارکن اور مدارس کے طلبہ کی فوج موجود ہے، تاہم محض چند ایف سی اہلکاروں کی واپسی اور 15 منٹ میں رپورٹ کرنے کے حکم نے ان کے تمام بلند بانگ دعووں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے۔

 سرکاری سیکیورٹی کے چھن جانے پر پیدا ہونے والی بے چینی اس بات کا ثبوت ہے کہ مذہب اور عوامی طاقت کے نعرے صرف سیاسی سودے بازی کے لیے استعمال ہوتے ہیں، جبکہ اصل انحصار ہمیشہ ریاستی چھتری اور سرکاری مراعات پر ہی رہا ہے۔

دوسری جانب اسی روز فضل الرحمان کے ایک مبینہ فرنٹ مین کے ناقابلِ ضمانت وارنٹِ گرفتاری جاری ہونے کی خبر نے اس سارے منظرنامے کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ قانونی و سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ ایک طرف ریاستی سیکیورٹی اور مفت پروٹوکول کا خاتمہ اور دوسری جانب مبینہ فرنٹ مین کے خلاف وارنٹ کا اجرا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ اب کسی بھی بااثر شخصیت کو قانون سے بالاتر یا احتساب سے مستثنیٰ نہیں سمجھا جائے گا۔

 عوامی حلقوں میں اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا جا رہا ہے کہ ریاست پر انگلیاں اٹھانے والوں کو اب نہ صرف اپنے بیانیے کا حساب دینا ہوگا بلکہ ان کے مالی و انتظامی معاملات پر بھی قانون کا شکنجہ پوری قوت سے حرکت میں آ چکا ہے

Qaisar Mirza
editor

Related Articles