عوامی عدالت میں مسترد ہونے کے بعد احتساب کے شکنجے کا خوف؛ بلاول اور فضل الرحمان کا مفاد پرستانہ اتحاد بے نقاب

عوامی عدالت میں مسترد ہونے کے بعد احتساب کے شکنجے کا خوف؛ بلاول اور فضل الرحمان کا مفاد پرستانہ اتحاد بے نقاب

پاکستان کی سیاست میں نظریات اور اصولوں کے بجائے ذاتی و سیاسی مفادات کے تحفظ کا ایک اور باب کھل گیا ہے، جہاں کل تک ایک دوسرے کو کرپشن، لوٹ مار اور بدعنوانی کے طعنے دینے والے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اب ایک ہی سیاسی کشتی کے سوار دکھائی دے رہے ہیں۔

 اس غیر فطری سیاسی قربت اور حالیہ رابطوں کے پیچھے کوئی عوامی ایجنڈا یا جمہوری اصلاحات نہیں بلکہ دونوں رہنماؤں کو لاحق “مشترکہ احتساب کا خوف”، تیزی سے گرتی ہوئی عوامی مقبولیت اور ان کے مالی و انتظامی ریکارڈ سے جڑی وہ تحقیقاتی فائلیں ہیں جو کسی بھی وقت ان کے سیاسی مستقبل کے لیے بڑا خطرہ بن سکتی ہیں۔

سیاسی تاریخ کے اوراق گواہ ہیں کہ ماضی میں بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان سیاسی تلخی اور الزام تراشی اس انتہا پر رہی ہے کہ دونوں رہنما ایک دوسرے کی سیاست کو ملکی ترقی کے لیے زہرِ قاتل قرار دیتے تھے۔

 ایک طرف بلاول بھٹو زرداری مذہبی سیاست اور انتہا پسندی کے بیانیے پر مولانا فضل الرحمان کو تنقید کا نشانہ بناتے تھے، تو دوسری طرف مولانا فضل الرحمان پیپلز پارٹی کی سندھ میں 18 سالہ حکمرانی کو کرپشن، وڈیرہ شاہی اور عوام کے استحصال کی بدترین مثال قرار دیتے نہیں تھکتے تھے تاہم آج بدلتے ہوئے سیاسی حالات نے ان دونوں روایتی حریفوں کو ایک ہی پیج پر لا کھڑا کیا ہے۔

گرتی ہوئی عوامی مقبولیت اور عوامی سوالات کا دباؤ

 اس اچانک سیاسی محبت کی پہلی بڑی وجہ دونوں جماعتوں کی گرتی ہوئی عوامی مقبولیت اور زمینی حقائق کا دباؤ ہے۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کی 18 سالہ بدترین گورننس، 74 لاکھ بچوں کے اسکولوں سے باہر ہونے، کے-فور منصوبے کی لاگت میں ایک ہزار فیصد اضافے اور کراچی و حیدرآباد کے شہریوں کی محرومیوں نے بلاول بھٹو زرداری کی سیاسی ساکھ کو شدید نقصان پہنچایا ہے جبکہ نئے صوبوں اور عوامی ریفرنڈم کی بحث نے ان کی نیندیں اڑا دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:2012 کا اسمبلی ریکارڈ بول اٹھا! نئے صوبوں کے حق میں قرارداد لانے والی پیپلز پارٹی کا دوہرا معیار بے نقاب

 دوسری جانب خیبر پختونخوا میں سونے کی غیر قانونی کان کنی، مائننگ مافیا کے ساتھ مبینہ روابط، افغان پالیسی پر دوہرے معیار اور مدارس کے طلبہ کو سیاسی ایندھن کے طور پر استعمال کرنے کے بیانیے نے مولانا فضل الرحمان کو عوامی عدالت میں دفاعی پوزیشن پر لا کھڑا کیا ہے۔

 جب دونوں رہنماؤں کو احساس ہوا کہ عوامی سطح پر ان کے پرانے نعرے اب کارگر نہیں رہے، تو انہوں نے اپنے سیاسی وجود کو بچانے کے لیے ایک دوسرے کا سہارا لینے کا فیصلہ کیا۔

تحقیقاتی فائلیں اور احتساب کا مشترکہ خوف

 اس گٹھ جوڑ کا دوسرا اور سب سے اہم محرک وہ تحقیقاتی فائلیں اور مالیاتی شواہد ہیں جو حالیہ دنوں میں منظرِ عام پر آ رہے ہیں۔ ایک طرف مولانا فضل الرحمان اور ان کے خاندان کے گرد گھیرا تنگ ہو رہا ہے؛ جہاں اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس فور میں اسد محمود کے زیرِ تعمیر چار کنال گھر کے مبینہ فرنٹ مین کی گرفتاری، 55 تولہ سونے کے کاغذات میں اسلحہ بننے، ایک ہی دن دو بینک اکاؤنٹس ظاہر کرنے، اقتدار جاتے ہی بینک بیلنس میں 1,378 گنا اضافے اور بھائی ضیاء الرحمان کی بغیر ڈگری کمشنر افغان مہاجرین تعیناتی و پراپرٹی ایڈوائزری کے اثاثوں نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

 دوسری طرف بلاول بھٹو زرداری کے گرد پارک لین اسٹیٹس، جے وی اوپل، جعلی اکاؤنٹس جے آئی ٹی رپورٹ کی منی ٹریل، بطور وزیرِ خارجہ غیر ملکی دوروں کے کروڑوں کے سرکاری بل اور سندھ کے کھربوں روپے کے ترقیاتی بجٹ کے آڈٹ کی تلوار لٹک رہی ہے۔

سسٹم پر تنقید: احتساب سے بچنے کی مشترکہ ڈھال

یہی وہ مشترکہ خوف ہے جس نے موروثی وڈیرہ شاہی اور مفاد پرست مذہبی سیاست کو یکجا کر دیا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ دونوں رہنما اقتدار اور آئینی عہدوں کے تمام تر ثمرات سمیٹنے کے باوجود اب “سسٹم کی ناکامی” اور “سیاسی ری سیٹ” کا راگ الاپ رہے ہیں تاکہ عوامی اور تحقیقاتی اداروں کی توجہ ان کے اپنے مالیاتی اسکینڈلز اور خراب کارکردگی سے ہٹائی جا سکے۔

 ماضی میں ایک دوسرے کو چور اور بدعنوان کہنے والے آج جس طرح بغل گیر ہو رہے ہیں، اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کی تمام تر سیاست کا محور عوام کی خدمت نہیں بلکہ اپنے اثاثوں، خاندانی اجارہ داری اور احتساب سے بچاؤ کا تحفظ ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles