اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان کی موجودہ صورتحال اور دہشت گرد گروہوں کی پناہ گاہوں کے حوالے سے طالبان انتظامیہ کو کڑی تنقید اور عالمی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ سلامتی کونسل کی صدر سانیتا پاولیوٹا ڈیس لینڈیس نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ افغانستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیموں کی موجودگی رکن ممالک کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، اجلاس کے دوران اس امر پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا کہ افغانستان کی سرزمین ہمسایہ ممالک اور خطے میں بدامنی پھیلانے کے لیے استعمال ہو رہی ہے۔ بیان میں انکشاف کیا گیا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) اور داعش خراسان جیسی تنظیمیں خطے کے امن کے لیے بڑا چیلنج ہیں، جنہیں طالبان حکومت کی جانب سے نہ صرف لاجسٹیکل بلکہ آپریشنل مدد بھی حاصل ہے۔ مزید کہا گیا کہ داعش خراسان نے اپنی کارروائیوں کا دائرہ افغانستان سے باہر کے علاقوں تک پھیلانے پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔
دوسری جانب، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سفیر سید حیدر شاہ نے بھی سرحد پار دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر آواز اٹھاتے ہوئے عالمی برادری کی توجہ اس سنگین مسئلے کی جانب مبذول کرائی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ افغان سرزمین سے پاکستان میں ہونے والے جان لیوا حملوں اور بدلتے ہوئے عالمی خطرات کا مؤثر مقابلہ کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے انسدادِ دہشت گردی کے نظام میں فوری اصلاحات ناگزیر ہیں۔