پاکستان میں کھاد کی قیمتوں میں کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کی زیر صدارت فرٹیلائزر ریویو کمیٹی کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں یوریا اور ڈی اے پی کھاد کی قیمتوں، طلب، رسد اور دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمت پر کھاد فروخت کرنے والے ڈیلرز کے خلاف آئندہ سات روز میں کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔ زائد قیمت وصول کرنے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث ڈیلرز کے لائسنس منسوخ کرنے کے ساتھ ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔
اجلاس میں کھاد کی مصنوعی قلت پیدا کرکے قیمتیں بڑھانے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ اس سلسلے میں کھاد کمپنیوں کو اپنے ڈیلرز کی قیمتوں اور سپلائی کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ اگر کوئی ڈیلر مقررہ قیمت سے زیادہ وصول کرتا ہے تو متعلقہ کمپنی سے بھی جواب طلب کیا جائے گا۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ ملک میں ڈی اے پی کھاد کی دستیابی کا کوئی مسئلہ نہیں۔ گندم کی کاشت کے سیزن میں کسانوں کو کھاد کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے بھی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کھاد کی قیمتوں کی مؤثر نگرانی کی جائے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب فیکٹری کی سطح پر کھاد کی قیمتیں مستحکم ہیں تو ڈیلرز کسانوں سے اضافی رقم کیوں وصول کر رہے ہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ کسانوں کا معاشی استحصال اور کھاد کی ناجائز منافع خوری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
حکومتی اقدامات کا مقصد گندم کی کاشت کے اہم سیزن میں کسانوں کو مقررہ نرخوں پر کھاد کی فراہمی یقینی بنانا اور منافع خوروں کی حوصلہ شکنی کرنا ہے۔