اقوامِ متحدہ کے ای گورنمنٹ ڈویلپمنٹ انڈیکس (EGDI) 2026 میں پاکستان نے ڈیجیٹل گورننس کے میدان میں ایک اور اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اپنی عالمی درجہ بندی میں 17 درجے کی نمایاں بہتری حاصل کر لی ہے۔
اس تازہ پیش رفت کے بعد پاکستان دنیا بھر کے ممالک کی فہرست میں 119ویں نمبر پر آ گیا ہے جو ملک میں جاری ڈیجیٹل اصلاحات اور سرکاری نظام کی جدید کاری کی عکاسی کرتا ہے۔
اقوامِ متحدہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ چار سالوں کے دوران پاکستان کی مجموعی عالمی درجہ بندی میں 31 درجے کی شاندار بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس مسلسل ترقی کے نتیجے میں پاکستان کا ای گورنمنٹ انڈیکس اسکور 23 فیصد اضافے کے ساتھ 0.6264 کی سطح پر پہنچ گیا ہے۔ اس رپورٹ کا ایک اور انتہائی خوش آئند پہلو یہ ہے کہ شہریوں کو آن لائن سرکاری سہولیات کی فراہمی (آن لائن سروسز انڈیکس) کے حوالے سے پاکستان نے پورے جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ اسکور حاصل کر کے خطے کے دیگر ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
اس اہم کامیابی پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ کے ای گورنمنٹ انڈیکس میں پاکستان کی 31 درجے کی مجموعی بہتری وزیراعظم شہباز شریف کے ‘ڈیجیٹل نیشن’ وژن کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
وفاقی وزیر نے اس پیشرفت کو ادارہ جاتی ہم آہنگی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ وفاقی اور صوبائی اداروں کی مسلسل اور مشترکہ کوششوں کی بدولت عوامی خدمات کو تیزی سے آن لائن منتقل کیا جا رہا ہے اور ملک بھر میں ڈیجیٹل رابطوں کا دائرہ مزید وسیع ہو رہا ہے۔ شزہ فاطمہ خواجہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی ڈیجیٹل گورننس میں ہونے والی اس ٹھوس پیش رفت کو اب عالمی سطح پر بھی بھرپور طریقے سے تسلیم اور سراہا جا رہا ہے، جو مستقبل میں ملکی معیشت اور عوامی سہولیات میں مزید بہتری کا پیش خیمہ ثابت ہوگی۔