سال 2022 کے تباہ کن سیلاب کو گزرے چار سال کا طویل عرصہ بیت چکا ہے مگر پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے 21 لاکھ گھروں کی تعمیر کے بلند بانگ دعووں اور اندرونِ سندھ کے زمینی حقائق کے درمیان خلیج مزید گہری ہوتی جا رہی ہے۔
جنیوا کانفرنس میں عالمی ڈونرز کی جانب سے دیے گئے اربوں ڈالر کے امدادی وعدوں اور عالمی بینک سمیت بین الاقوامی اداروں کے خطیر فنڈز کے باوجود آج بھی اندرونِ سندھ کے لاکھوں متاثرہ خاندان کھلے آسمان تلے کچی جھونپڑیوں اور عارضی پناہ گاہوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، جبکہ سرکاری رپورٹس، انسانی حقوق کے کمیشن اور میڈیا تحقیقات نے امدادی رقوم، راشن اور گھروں کے فنڈز میں مبینہ سیاسی اقربا پروری اور بے ضابطگیوں کا پردہ چاک کر دیا ہے۔ جنوری 2023ء میں جنیوا میں منعقدہ عالمی کانفرنس میں عالمی برادری اور مالیاتی اداروں نے پاکستان کی بحالی کے لیے 10 ارب 57 کروڑ ڈالر (تقریباً 9 ارب ڈالر سے زائد) کے امدادی وعدے کیے تھے، جن میں عالمی بینک نے خصوصی طور پر سندھ میں سیلاب متاثرین کے گھروں کی تعمیر، صحت اور نقد امداد کے لیے 1 ارب 70 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم مختص کی تھی۔
اس وقت کے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور پیپلز پارٹی کی قیادت نے عالمی فورمز پر متاثرین کی بحالی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا اور بعد ازاں سندھ حکومت نے 21 لاکھ موسمیاتی طور پر محفوظ گھر بنانے کے دنیا کے سب سے بڑے منصوبے کا ڈھنڈورا پیٹا۔ تاہم چار سال گزرنے کے بعد بین الاقوامی اور ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ حکومت چھ لاکھ سے زائد انتہائی مستحق متاثرہ خاندانوں کو چھت فراہم کرنے میں بری طرح ناکام رہی ہے، جس کے باعث یہ خاندان آج بھی کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
آڈٹ دستاویزات، سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کی رپورٹ اور تفتیشی رپورٹس اس تلخ حقیقت کو بے نقاب کرتی ہیں کہ امدادی رقوم اور گھروں کی تعمیر کے فنڈز کی تقسیم میں میرٹ کے بجائے سیاسی وابستگیوں اور وڈیروں کی منشا کو ترجیح دی گئی۔ رپورٹس میں نشاندہی کی گئی ہے کہ متاثرین کو تین لاکھ روپے فی گھر کی چار اقساط دینے کا اعلان تو کیا گیا لیکن زمین پر بے شمار اصل مستحقین کو فہرستوں سے خارج کر کے مبینہ طور پر من پسند افراد اور بااثر سیاسی کارکنوں کو نوازا گیا جبکہ جو غریب خاندان قسطوں کے چکر میں پھنسے وہ نامکمل رقوم اور مہنگائی کے باعث بھاری قرضوں کے بوجھ تلے دب گئے۔
25 ہزار روپے کی نقد امدادی اسکیم میں ایجنٹ مافیا کی جانب سے متاثرین کے بائیومیٹرک ڈیٹا کے ذریعے کٹوتیوں اور غبن کے درجنوں مقدمات درج ہونے کے باوجود آج تک متاثرین کو لوٹی گئی رقم واپس نہیں دلوائی جا سکی۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ریکارڈ میں بھی سنگین ابہام اور شفافیت کے فقدان کی نشاندہی کی گئی ہے، جہاں لاکھوں ڈالر کی غیر ملکی گرانٹس سے بننے والے ہزاروں گھروں کے منصوبوں کی تکمیل کا کوئی واضح حساب کتاب عوام کے سامنے نہیں رکھا جا سکا۔
ایک طرف بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ عالمی کانفرنسوں میں جا کر 10 لاکھ گھر مکمل کرنے کے دعوے کر کے داد سمیٹتے ہیں، اور دوسری طرف دادو، خیرپور، قمبر شہدادکوٹ، لاڑکانہ، سانگھڑ اور بدین کے دیہی علاقوں میں آج بھی ہزاروں خاندان ٹوٹی پھوٹی جھونپڑیوں میں موسم کی سختیاں جھیل رہے ہیں