بجلی صارفین کو 95 ارب روپے کا جھٹکا لگانے کی تیاری، تین ماہ کے بلوں میں فی یونٹ کتنا اضافہ متوقع ؟

بجلی صارفین کو 95 ارب روپے کا جھٹکا لگانے کی تیاری، تین ماہ کے بلوں میں فی یونٹ کتنا اضافہ متوقع ؟

بجلی صارفین کے لیے ایک اور بڑا جھٹکا تیار کر لیا گیا ہے، جہاں وفاقی حکومت نے رواں سال کے آخری تین مہینوں اکتوبر، نومبر اور دسمبر کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت اضافے کی تیاری مکمل کر لی ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق اس مجوزہ اضافے سے صارفین کی جیبوں پر مجموعی طور پر 95 ارب روپے کا بھاری مالی بوجھ پڑنے کا امکان ہے، جس کے لیے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پاور ڈویژن نے نیپرا کو باضابطہ درخواست بھجوا دی ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو دی گئی درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ تینوں مہینوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں فی یونٹ اوسطاً 3 روپے 4 پیسے اضافے کی منظوری دی جائے۔ حکام کے مطابق یہ مجوزہ اضافہ ستمبر 2026 کے فیول ایڈجسٹمنٹ ریٹ کے مقابلے میں 67 پیسے فی یونٹ زیادہ ہے۔

ذرائع کے مطابق نیپرا اس معاملے پر 2 دسمبر کو سماعت کرے گا، جس کے بعد اضافے کی منظوری سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

دستاویزات کے مطابق اس سے قبل اکتوبر کے لیے فی یونٹ 2 روپے 88 پیسے اضافے کی درخواست دی گئی تھی، جبکہ نومبر کے لیے وزارت توانائی نے 92 پیسے فی یونٹ اضافے کا تخمینہ لگایا تھا۔ 

دوسری جانب دسمبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے حکومتی اندازہ ہے کہ بجلی کے نرخوں میں فی یونٹ 5 روپے 13 پیسے تک اضافہ کرنا پڑے گا۔

ان الگ الگ تخمینوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پاور ڈویژن کی نئی درخواست میں تینوں مہینوں کے لیے یکساں اوسط شرح فی یونٹ 3 روپے 4 پیسے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اگر نیپرا نے اس درخواست کو منظور کر لیا تو بجلی صارفین سے مجموعی طور پر 95 ارب روپے اضافی وصول کیے جائیں گے۔

editor

Related Articles