ملائیشین حکومت نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے سرمایہ کاروں، کاروباری شخصیات اور طویل مدتی قیام کے خواہشمند افراد کے لیے اپنے مشہور زمانہ “ملائیشیا مائی سیکنڈ ہوم” (MM2H) اور پریمیم ویزا پروگرام کے دروازے مزید کھول دیے ہیں۔
اس تاریخی پالیسی کے تحت پاکستانی شہری اب 5 سے لے کر 20 سال تک کے طویل المدتی رہائشی ویزے (گولڈن ویزا) حاصل کرنے کے اہل ہو چکے ہیں ، ملائیشیا کی جانب سے اٹھایا گیا یہ قدم دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جانے اور دوطرفہ عوامی رابطوں کو مزید مستحکم کرنے کی ایک کڑی ہے۔
یہ پروگرام خصوصی طور پر ایسے غیر ملکیوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو ملائیشیا کے پرسکون ماحول میں طویل قیام، سرمایہ کاری، کاروبار اور معیاری زندگی گزارنے کے خواہاں ہیں۔
نئے اور آسان درجات کا تعارف
ملائیشیا کی حکومت نے حال ہی میں ‘ملائیشیا مائی سیکنڈ ہوم’ (MM2H) پروگرام کی پالیسیوں میں اصلاحات کرتے ہوئے اسے نئے، لچکدار اور نسبتاً آسان درجات میں تقسیم کیا ہے ، اس نئی درجہ بندی کا بنیادی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ مختلف مالیاتی استطاعت اور پس منظر رکھنے والے افراد اپنی ضرورت اور اہلیت کے مطابق اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
ان درجات کے تحت فکسڈ ڈپازٹ کی شرائط، آمدنی کے تقاضے اور قیام کی مدت کو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ سرمایہ کاروں کے لیے طویل مدتی منصوبہ بندی کرنا آسان ہو۔
گولڈن ویزے کے اہم فوائد اور سہولیات
یہ پروگرام محض ایک رہائشی ویزا نہیں بلکہ ملائیشیا میں معاشی استحکام اور بہتر مستقبل کی نوید ہے۔ اس کے نمایاں فوائد درج ذیل ہیں:
طویل مدتی رہائش: ویزا ہولڈرز 5 سے 20 سال تک بغیر کسی رکاوٹ کے ملائیشیا میں قانونی طور پر مقیم رہ سکتے ہیں۔
خاندان کی شمولیت: مین Applicant (مکلف) اپنے شوہر یا بیوی، 21 سال سے کم عمر کے غیر شادی شدہ بچوں اور اپنے والدین کو بھی اس ویزے کے تحت اپنے ساتھ رکھ سکتا ہے۔
کاروبار اور معاشی سرگرمیاں: ملائیشیا میں جائیداد کی خریداری، نئے تجارتی منصوبوں کے آغاز اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع میسر ہوتے ہیں۔
تعلیمی اور طبی سہولیات: ویزا ہولڈرز کے بچے ملائیشیا کے بین الاقوامی معیار کے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر سکتے ہیں، جبکہ فیملی کو اعلیٰ درجے کی طبی سہولیات بھی دستیاب ہوتی ہیں۔
کثیرالجہت انٹری پاس: اس ویزے کے حامل افراد کو ملائیشیا میں آنے جانے کے لیے ملٹی پل انٹری کی سہولت دی جاتی ہے، جس سے بین الاقوامی سفر انتہائی سہل ہو جاتا ہے۔
طریقہ کار کیا ہے ؟
ملائیشیا کے “مائی سیکنڈ ہوم” (MM2H) پروگرام کے تحت ویزا ملنے کے بعد فکسڈ ڈپازٹ کا کچھ مقررہ حصہ رہائشی جائیداد کی خریداری، بچوں کی تعلیم یا طبی اخراجات کے لیے نکالا جا سکتا ہے۔
اس کے حصول کے لیے سب سے پہلے ملائیشیا کی وزارتِ سیاحت، فنون اور ثقافت (MOTAC) کے منظور شدہ کسی لائسنس یافتہ ایجنٹ کا انتخاب کرنا ہوتا ہے کیونکہ براہ راست درخواست نہیں دی جا سکتی۔
اس کے بعد درست پاسپورٹ، ذاتی ارادے کا خط، مالیاتی ثبوت، پولیس کلیئرنس سرٹیفکیٹ اور خریدار کے کوائف پر مشتمل دستاویزات تیار کی جاتی ہیں، جنہیں ایجنٹ امیگریشن ڈیپارٹمنٹ میں جمع کروائی جائے گی اور جانچ پڑتال کے بعد حکومت مشروط منظوری کا خط جاری کرتی ہے، منظوری ملنے پر مقامی بینک میں مطلوبہ فکسڈ ڈپازٹ جمع کروایا جاتا ہے، طبی معائنہ اور ہیلتھ انشورنس مکمل کی جاتی ہے، اور آخر میں پاسپورٹ پر MM2H ریزیڈنس پاس کی باضابطہ تصدیق (Endorsement) ہو جاتی ہے جس سے ملائیشیا میں طویل مدتی قانونی قیام کا راستہ صاف ہو جاتا ہے۔
دوطرفہ تعلقات اور مستقبل کے امکانات
تجزیہ کاروں کے مطابق، ملائیشیا حکومت کا یہ اقدام بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی اور خاص طور پر سرمایہ کار طبقے کے لیے ایک سنہری موقع ہے۔ اس پروگرام کے فعال ہونے سے نہ صرف پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارتی تعاون بڑھے گا بلکہ سیاحت، تعلیم اور ثقافتی تبادلے کے نئے در بھی وا ہوں گے۔
پاکستانی کاروباری حلقوں اور طویل مدتی قیام کے متلاشی افراد کی جانب سے اس پالیسی کا زبردست خیرمقدم کیا جا رہا ہے، اور توقع کی جا رہی ہے کہ اس سے دونوں ممالک کے دیرینہ اور دوستانہ تعلقات مزید گہرے ہوں گے۔