مولانا فضل الرحمان کا انقلاب ڈوب گیا، عوام سڑکوں پر نہ نکلے، مزاحمتی سیاست کا تاثر بھی ٹوٹ گیا، مزمل سہروردی

مولانا فضل الرحمان کا انقلاب ڈوب گیا، عوام سڑکوں پر نہ نکلے، مزاحمتی سیاست کا تاثر بھی ٹوٹ گیا، مزمل سہروردی

معروف تجزیہ کار مزمل سہروردی نے آزاد پوڈ کاسٹ میں  کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا انقلاب ڈوب گیا، ان کی ملک گیر احتجاج کی کال پر عوام سڑکوں پر نہیں نکلے اور اس سے ظاہر ہوگیا کہ ان کے اندر سیاسی احتجاج کی کوئی خاص طاقت موجود نہیں، جبکہ ان کی جماعت بھی ایک کمزور سیاسی جماعت ہے۔

فجاذ سیاست پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مزمل سہروردی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے جمعرات کی رات پورا ملک بند کرنے کی کال دی تھی اور انہیں توقع تھی کہ ہزاروں اور لاکھوں لوگ ان کی حمایت میں سڑکوں پر آئیں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ ان کے بقول سیاسی کارکنوں کا احتجاج اور عوامی احتجاج دو الگ چیزیں ہیں۔ انقلاب عوامی احتجاج سے آتا ہے، صرف سیاسی کارکنوں کو سڑکوں پر لانے سے نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کے کارکن مختلف مقامات پر 100، 150، 200 یا 500 کی تعداد میں سامنے آئے، لیکن پاکستان کی عوام ان کے لیے سڑکوں پر نہیں نکلی۔ ان کے مطابق مولانا کا گھر سیل ہونے، انہیں پکڑنے، جلسے کی اجازت ملنے یا نہ ملنے اور گرفتاریوں کے معاملات کے باوجود عوام نے ان کی حمایت میں باہر آنے سے انکار کردیا۔

احتجاج کی ناکامی اور گرفتاری کا معاملہ

مزمل سہروردی نے مولانا فضل الرحمان کی گرفتاری سے متعلق مؤقف پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ دو دن لاہور میں اپنے گھر بیٹھے رہے اور یہ کہتے رہے کہ انہیں گرفتار کرلیا گیا ہے، لیکن تیسرے روز جب ان کا گھر سیل کیا گیا تو وہ باآسانی لاہور سے نکل کر اسلام آباد روانہ ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت دو دن تک کہتی رہی کہ مولانا کو گرفتار نہیں کیا گیا اور وہ اپنی مرضی سے گھر میں بیٹھے ہیں۔ ان کے بقول اگر واقعی گرفتاری ہوئی ہوتی تو مولانا گھر سے باہر نہ نکل سکتے۔ گرفتار شخص کو شام کو گھر واپس نہیں لایا جاتا بلکہ اگلے روز عدالت میں پیش کیا جاتا ہے۔

مزمل سہروردی نے کہا کہ ان کے خیال میں مولانا گھر میں اس لیے بیٹھے رہے کہ انہیں اندازہ تھا کہ احتجاج نہیں ہورہا اور اگر دوبارہ احتجاج کی کال دی گئی تو وہ بھی ناکام ہوجائے گی۔ ان کے مطابق خاموشی برقرار رکھنے کے لیے گرفتاری کا بہانہ بنایا گیا تاکہ خبر احتجاج کی ناکامی کے بجائے گرفتاری کے حوالے سے سامنے آئے۔

مولانا کی مزاحمتی سیاست کا تاثر ٹوٹ گیا

مزمل سہروردی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی مزاحمتی اور عوامی طاقت کے حوالے سے ایک تاثر موجود تھا کہ ان سے بہتر احتجاج کوئی نہیں کرسکتا، وہ لوگوں کو سڑکوں پر لاسکتے ہیں اور بڑے پیمانے پر احتجاجی تحریک چلا سکتے ہیں، لیکن اب یہ تاثر ٹوٹ گیا ہے۔

ان کے مطابق مولانا کے اندر سیاسی احتجاج کرنے کی کوئی خاص طاقت موجود نہیں اور ان کی جماعت ایک کمزور سیاسی جماعت ثابت ہوئی ہے۔ اس صورت حال سے مولانا کو بڑا سیاسی نقصان پہنچا ہے اور کئی دہائیوں میں قائم ہونے والا ان کا سیاسی تاثر ختم ہوگیا ہے۔

بے نامی جائیدادوں اور امان اللہ کے گھر کا معاملہ

پوڈکاسٹ میں مولانا فضل الرحمان سے منسوب بے نامی جائیدادوں، امان اللہ نامی شخص کے گھر اور وی ایٹ گاڑی سے متعلق معاملات پر بھی گفتگو ہوئی،مزمل سہروردی نے کہا کہ زیرِ بحث گھر مولانا فضل الرحمان کا نہیں بلکہ امان اللہ نامی شخص کا بتایا جاتا ہے۔ ان کے مطابق امان اللہ کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ وہ افغان شہری ہے اور پاکستان میں اس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں، جبکہ اسے فرنٹ مین بھی کہا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک دینی سیاسی جماعت کے سربراہ کو کسی ایسے شخص کے گھر میں رہنے، نان کسٹم پیڈ گاڑی استعمال کرنے اور کسی غیر قانونی حیثیت رکھنے والے افغان شہری سے تعلق کے معاملے پر وضاحت دینی چاہیے۔ ان کے مطابق کسی دوسرے شخص کے نام پر موجود جائیداد اگر کسی سیاست دان کے زیرِ استعمال ہو تو اس کی وضاحت ضروری ہے۔

مزمل سہروردی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کا یہ مؤقف کہ وہ کوئی وضاحت نہیں دیں گے، قابلِ قبول نہیں۔ اگر وہ عوامی سیاست کرتے ہیں تو انہیں عوام، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور احتساب کے اداروں کے سامنے جواب دہ ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ امان اللہ کو عوام اور متعلقہ اداروں کے سامنے پیش کرنے کی ذمہ داری بھی مولانا فضل الرحمان کی ہے۔ ان کے بقول اگر مولانا امان اللہ کو سامنے نہیں لاتے تو اس سے ان کے مالی معاملات اور طریقہ کار کے بارے میں مزید سوالات پیدا ہوتے ہیں۔

آئین اور قانون کی بالادستی کے مؤقف پر تنقید

مزمل سہروردی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان پاکستان میں آئین اور قانون کی بالادستی کی جدوجہد کا مؤقف رکھتے ہیں، لیکن نان کسٹم پیڈ گاڑیوں اور کسی دوسرے شخص کے گھر میں رہنے کے معاملات کے ساتھ قانون کی بالادستی کی جدوجہد کا مؤقف مطابقت نہیں رکھتا،ان کے مطابق اگر کوئی سیاست دان کسی جائیداد پر قابض ہو اور یہ بتانے سے انکار کردے کہ وہ کس کی ہے، یا اس کے زیرِ استعمال نان کسٹم پیڈ گاڑیاں ہوں تو اسے عوام کے سامنے وضاحت دینی چاہیے۔

سیاسی اور مالی معاملات پر نقصان  

مزمل سہروردی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے حالیہ سیاسی لڑائی کے ذریعے خود کو مزید کمزور کیا ہے اور انہیں سیاسی کے ساتھ قانونی نقصان بھی پہنچا ہے،ان کے مطابق لوگوں کے سامنے مولانا کا ایسا پہلو آیا جس کی ان سے توقع نہیں تھی۔ کسی دوسرے شخص کے گھر میں رہنے، نان کسٹم پیڈ گاڑی اور مالی معاملات کی شفافیت سے متعلق سامنے آنے والی باتوں سے مولانا کو بہت نقصان پہنچا ہے۔

مدارس کی حمایت بھی حاصل نہ ہوسکی

مولانا فضل الرحمان کی مدارس سے وابستہ سیاسی حمایت پر گفتگو کرتے ہوئے مزمل سہروردی نے کہا کہ ان کی مدرسہ سیاست ثابت نہیں ہوسکی، کیونکہ مدارس سے وابستہ لوگ ان کے معاملات پر احتجاج کے لیے سڑکوں پر نہیں آئے۔

انہوں نے کہا کہ مدارس کے بعض مہتمم پہلے ہی اعلان کرچکے تھے کہ وہ مولانا کے سیاسی مقاصد کی تکمیل کے لیے اپنے طلبہ فراہم نہیں کریں گے اور انہوں نے طلبہ فراہم بھی نہیں کیے۔

مزمل سہروردی کے مطابق مدارس کی حمایت کا سیاسی تاثر بھی ٹوٹ گیا ہے۔ ان کے بقول مدارس کے لوگ مولانا کے معاملات کے لیے سڑکوں پر آنے کو تیار نہیں اور ان کی عوامی طاقت وہ نہیں تھی جس کا تاثر قائم کیا گیا تھا۔

مفتی تقی عثمانی کے سیاسی مؤقف پر تبصرہ

پوڈکاسٹ میں مفتی تقی عثمانی کے مولانا فضل الرحمان کی حمایت سے متعلق بیان پر بھی گفتگو ہوئی۔مزمل سہروردی نے کہا کہ مفتی تقی عثمانی ایک قابل احترام عالم دین ہیں اور ان کی ایک غیر سیاسی شناخت موجود ہے۔ انہیں اپنے آپ کو سیاسی معاملات سے الگ رکھنا چاہیے، کیونکہ اگر وہ پاکستان کے سیاسی معاملات میں مداخلت کریں گے تو ان کی شناخت ایک عالم دین کے بجائے سیاسی رہنما کی بن جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر مفتی تقی عثمانی نے سیاست میں آنے کا فیصلہ کرلیا ہے تو انہیں واضح طور پر سیاسی میدان میں آنے کا اعلان کرنا چاہیے، چاہے وہ جے یو آئی میں شامل ہوں یا اپنی الگ سیاسی جماعت بنائیں۔

قانون توڑنے پر گرفتاری کا مؤقف

مولانا فضل الرحمان کی ممکنہ گرفتاری سے متعلق سوال پر مزمل سہروردی نے کہا کہ اگر مولانا یا ان کی جماعت قانون توڑتی ہے اور قانون کو ہاتھ میں لیتی ہے تو انہیں گرفتار کیا جاسکتا ہےان کے مطابق اگر مولانا یا ان کی جماعت قانون کی خلاف ورزی کرے گی تو ان کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک ہونا چاہیے اور کسی قسم کی رعایت نہیں ہونی چاہیے۔

زرداری، محسن نقوی اور بلاول کی سیاست پر گفتگو

انٹرویو میں صدر آصف علی زرداری، وزیر داخلہ محسن نقوی، بلاول بھٹو زرداری اور ملک احمد خان کی ملاقاتوں اور سیاسی کردار پر بھی بات ہوئی۔مزمل سہروردی نے کہا کہ محسن نقوی اور ملک احمد خان پہلے بھی سیاسی معاملات میں کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ ان کے مطابق جنرل باجوہ کے دور میں بھی ملک احمد خان اور محسن نقوی سیاسی معاملات پر بات چیت کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری اور محسن نقوی کی ملاقات میں ملک احمد خان بھی موجود تھے، اس لیے اس ملاقات میں ہونے والی بات چیت اور ملک احمد خان کے کردار کو بھی سامنے آنا چاہیے۔

مزمل سہروردی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری محسن نقوی کو برا بھلا کہتے ہیں، جبکہ آصف علی زرداری محسن نقوی کے گھر جاکر ملاقات کرتے ہیں۔ ان کے مطابق یہ سیاسی صورت حال بھی عوام کے سامنے آنی چاہیے کہ باپ اور بیٹا ایک صفحے پر ہیں یا گڈ کاپ اور بیڈ کاپ کا کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری محسن نقوی کے پاس اپنے بعض معاملات درست کرنے اور ان کی مدد حاصل کرنے کے لیے جاتے ہیں۔

نئے انتظامی یونٹس اور ریفرنڈم کا امکان

مزمل سہروردی نے نئے انتظامی یونٹس کے قیام اور ریفرنڈم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں ریفرنڈم کی راہ ہموار ہورہی ہے اور اس کے لیے ماحول بن رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی رائے ریفرنڈم کے حق میں ہے اور نئے انتظامی یونٹس ایک ساتھ قائم ہونے کے بجائے مرحلہ وار بھی بنائے جاسکتے ہیں۔ ان کے مطابق ریفرنڈم اس عمل کا پہلا قدم ہوسکتا ہے۔

مزمل سہروردی نے کہا کہ یہ معاملہ 2027 کے آغاز میں پارلیمنٹ میں آسکتا ہے۔ پہلے پارلیمنٹ کے ارکان ریفرنڈم کے حق میں ووٹ دیں گے اور اگر پارلیمنٹ سے منظوری مل گئی تو عوام کی رائے سامنے آجائے گی۔

مولانا فضل الرحمان عمران خان بننا چاہتے ہیں

انٹرویو کے دوران مزمل سہروردی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے عمران خان سے کچھ نہیں سیکھا بلکہ وہ ان کے نقش قدم پر چلنا چاہتے ہیں۔ان کے بقول مولانا فضل الرحمان اب مولانا فضل الرحمان رہ کر تھک گئے ہیں اور عمران خان بننا چاہتے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور پارلیمانی اجلاس

ملکی سیاسی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے مزمل سہروردی نے کہا کہ انہیں اگلے ہفتے کے دوران کوئی بڑی سیاسی سرگرمی نظر نہیں آرہی، کیونکہ سب پارلیمنٹ کے اجلاس کا انتظار کررہے ہیں جس میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی توسیع کا معاملہ زیرِ بحث آنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور اسحاق ڈار کی ملاقات ہوچکی ہے اور پیپلزپارٹی اور حکمران اتحاد ایک صفحے پر آگئے ہیں۔ ان کے مطابق اگلے ہفتے یا اس سے اگلے ہفتے پارلیمنٹ کا اجلاس ہوسکتا ہے، جس میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج کی توسیع کا معاملہ سامنے آئے گا۔

ایران امریکا کشیدگی اور آبنائے ہرمز

انٹرویو کے آخری حصے میں ایران اور امریکا کی کشیدگی پر گفتگو کرتے ہوئے مزمل سہروردی نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش اور بحری ناکہ بندی کے باعث یہ دیکھنا ہوگا کہ زیادہ نقصان ایران کو ہورہا ہے یا امریکا کو۔

انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں پس پردہ سفارت کاری جاری ہے اور امید رکھنی چاہیے کہ کوئی سمجھوتا طے پا جائے، کیونکہ مذاکرات میں کامیابی نہ ہونے کی صورت میں ایک خوفناک جنگ ہوسکتی ہے۔

مزمل سہروردی کے مطابق اگلا ہفتہ ایران اور امریکا کے مذاکرات کے حوالے سے اہم ہوسکتا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس بھی وقت محدود ہے، کیونکہ جنوری میں نئی کانگریس اور نئی سینیٹ آجائے گی۔ ان کے بقول ٹرمپ کو نئی کانگریس اور سینیٹ کے آنے سے پہلے فیصلہ کرنا ہوگا کہ معاہدہ کرنا ہے یا جنگ کی طرف جانا ہے۔

editor

Related Articles