بانی پی ٹی آئی کیخلاف درج 9 مئی کے مقدمات کی تفتیش کے لیے نئی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے محکمہ داخلہ پنجاب کو سفارشات بھجوا دی گئیں، جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم میں شامل 3 ایس پیز تبدیل کیا گیا ہے، جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم بانی پی ٹی آئی کیخلاف 12 مقدمات کی تفتیش کر رہی ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم میں 2 نئے ممبران بھی شامل کیے جائیں گے، ہائیکورٹ میں اس حوالے سے درخواست بھی دائرکی جاچکی ہے۔ ایس پی زنیراحمد چیمہ ایس پی ہیڈ کوارٹرز لاہور تعینات ہیں، ایس پی سی آر او رضا تنویر ضلع گوجرانوالہ میں تعینات ہوگئے، ایس پی انویسٹی گیشن کینٹ لاہور ارسلان زاہد ملتان تعینات ہوگئے۔
مزید پڑھیں: میرے بیان کو بلا سیاق و سباق چلایا جا رہا ہے، عمران خان کی تازہ ٹویٹ آگئی
دوسری جانب انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جناح ہاوس حملہ کیس میں 5 ملزمان کی عبوری ضمانت کنفرم کردی۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاوس حملہ کیس میں 5 ملزمان کی عبوری ضمانت کنفرم کرتے ہوئے ملزمان کو 2،2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔
عدالت نے نوشین شاہد، شنیلا روٹ، شامین شاہد، ضمیر احمد جھیڈو ایڈووکیٹ اور محمد اکرم ایڈووکیٹ کی عبوری ضمانت کنفرم کرنے کا حکم دیا۔ ملزمان نے گرفتاری سے ڈر سے جناح ہاوس حملہ کیس میں عبوری ضمانت دائر کر رکھی تھی۔

