ملتان ٹیسٹ کا پہلا دن: پاکستان نے 4وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنا لئے

ملتان ٹیسٹ کا پہلا دن: پاکستان نے 4وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنا لئے

ملتان ٹیسٹ میں پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان پہلے دن قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود اورعبداللہ شفیق کی عمدہ سنچریوں کی بدولت 4 وکٹوں کے نقصان پر 328 رنز بنا لئےہیں۔

تفصیلات کے مطابق ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا ۔ پاکستان کی طرف سے عبد اللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کی شروعات کیں ، صائم ایوب صر ف 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔

صائم ایوب کے جلدمیدان بدر ہونے کے بعد عبد اللہ شفیق اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور سکور کو آگے لے گئے ۔ اس موقع پر شان مسعود نے 2 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی۔

دوسری جانب عبد اللہ شفیق نےبھی 100بنائے اور پھر وہ 102رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آؤ ٹ ہوئے ۔ دونوں نے آپس میں مل کر 253 رنز کی شراکت کی ۔ عبد اللہ شفیق کے آؤٹ ہونے کے فوری بعد صرف 2رنز کے اضافے کے ساتھ کپتان شان مسعود بھی 151 رنز بنا کر کیچ تھما ء بیٹھے ۔

پہلے روز کھیل کے ختم ہونے سے کچھ دیر قبل بابر اعظم بھی 30 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے ، سعود شکیل 35 اور نسیم شاہ بغیر رن بنائے کریزپرموجود ہیں۔ انگلینڈ کی جانب سے گس ایٹکنسن 2 اور کرس ووکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستان آج اننگز کا آغاز 4 وکٹ کے نقصان پر 328 رنز سے دوبارہ کرے گا۔

ٹاس: 
قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کاٹاس جیت کر کہنا تھا کہ بڑے سکور کی کوشش کریں گے اور اندازہ ہے کہ بڑی دیر سے جیت نہیں سکے، ہم تین فاسٹ اور دو  سپنرز کے ساتھ کھیلیں گے۔

انگلش اولی پوپ نے کہا کہ پچ میں نمی موجود ہے لہٰذا جلد وکٹیں لینے کی کوشش کریں گے۔ ٹاس ہم بھی جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ کا فیصلہ ہی کرتے۔

واضح رہے کہ ملتان میں اب تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کیخلاف ایک ایک ٹیسٹ جیت چکی ہیں۔ انگلینڈ سے قبل بنگلہ دیش نے پاکستان کو اس کی ہی سرزمین پر 2 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا۔

پاکستان اسکواڈ:
صائم ایوب، عبداللہ شفیق، کپتان شان مسعود، بابر اعظم، نائب کپتان سعود شکیل، وکٹ کیپر محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور ابرار احمد۔

انگلینڈ اسکواڈ:
زیک کرالے، بین ڈکٹ، کپتان اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، وکٹ کیپر جیمی اسمتھ، کرس ووکس، گس ایٹکنسن، بریڈن کرس (ڈیبیو)، جیک لیچ اور شعیب بشیر۔

editor

Related Articles