گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام کے درمیان گورنر ہاوس پشاور میں اہم ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کی مجموعی امن و امان و دیگر اہم سیاسی امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خیبرپختونخوا کے غیور عوام نے انتشار اور محاذ آرائی کی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ صوبے میں پائیدار امن و امان کے قیام، دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کی واقعی ترقی و خوشحالی کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دیتے ہوئے ہر ممکن اور مؤثر اقدامات مسلسل جاری رکھے جائیں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے مشیرِ اطلاعات ثمر ہارون بلور کی ملاقات
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے مشیرِ اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے بھی گورنر ہاؤس میں ملاقات کی ، ملاقات کے دوران صوبے کی موجودہ سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے ثمر ہارون بلور کو مشیرِ اطلاعات کی نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے اس امید کا اظہار کیا کہ مشیرِ اطلاعات صوبے کے مثبت تشخص اور سافٹ امیج کو عالمی و قومی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں گے۔
گورنر خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ صوبے میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا اور اس ضمن میں کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔