شکاگو کی سڑکوں پر پاکستانی رنرز کی دوڑ، 55 ہزار سے زائد ایتھلیٹس شریک

شکاگو کی سڑکوں پر پاکستانی رنرز کی دوڑ، 55 ہزار سے زائد ایتھلیٹس شریک

امریکا میں منعقدہ شکاگو میراتھون 2026 میں پاکستانی رنرز نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے پاکستانی شرکا میں ٹیکساس میں مقیم نزار نیانی نمایاں رہے، جنہوں نے 3 گھنٹے اور 45 سیکنڈ میں 42.195 کلومیٹر کی ریس مکمل کی۔

نزار نیانی تین گھنٹے سے کم وقت میں میراتھون مکمل کرنے کا ہدف حاصل کرنے سے محض 46 سیکنڈ پیچھے رہ گئے۔ انہوں نے ابتدائی 10 کلومیٹر 40 منٹ 22 سیکنڈ اور نصف میراتھون ایک گھنٹہ 25 منٹ 41 سیکنڈ میں مکمل کی، تاہم ریس کے دوسرے حصے میں ان کی رفتار کم ہوگئی۔

یہ بھی پڑھیں:20 سالہ افریقی کرکٹر نے ٹی 20 میں تاریخ رقم کر دی

ریس کے بعد نزار نیانی کا کہنا تھا کہ شکاگو میراتھون ان کے دل کے بہت قریب ہے اور وہ فٹ رہنے تک اس میں شرکت جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق، اس بار حالات مثالی نہیں تھے، لیکن 26.2 میل کی دوڑ انسان کی ہمت اور برداشت کا بڑا امتحان ہوتی ہے۔

پاکستانی رنرز میں دیگر نمایاں کارکردگیاں

کراچی سے تعلق رکھنے والے مصطفیٰ نے 3 گھنٹے 29 منٹ 18 سیکنڈ میں ریس مکمل کی، جبکہ نیویارک میں مقیم بشریٰ انجم پاکستانی خواتین میں نمایاں رہیں۔ انہوں نے مجموعی طور پر 3 گھنٹے 31 منٹ ایک سیکنڈ میں فنش لائن عبور کی۔

ابوبکر محمد افضل نے 3 گھنٹے 32 منٹ 39 سیکنڈ، پاکستانی نژاد امریکی بابر غیاث نے 3 گھنٹے 42 منٹ 44 سیکنڈ اور ریاض کے ابراہیم عبدالخالق نے 3 گھنٹے 44 منٹ ایک سیکنڈ میں میراتھون مکمل کی۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے 67 سالہ حامد بٹ نے 3 گھنٹے 49 منٹ 48 سیکنڈ میں ریس مکمل کی۔ وہ دو مرتبہ سکس اسٹار فنشر کا اعزاز بھی حاصل کرچکے ہیں۔

دیگر پاکستانی شرکا میں تیمور ملک، حسن علی، باسل خان، سارہ راٹھور، عماد شیخ، وردہ میر، غسان طیب، زارا آرڈونیز، حسن سلیم، دانیال امیر لکڑا والا، انیس کاسمانی، حماد علی، احمد زبیر اور عائشہ انتصار شامل تھے، جنہوں نے مختلف اوقات میں ریس مکمل کی۔

سابق برطانوی سفارت کار کی بھی شرکت

پاکستان میں تعینات رہنے والے سابق برطانوی سفارت کار مائیک نیتھاوریاناکس نے بھی شکاگو میراتھون میں حصہ لیا اور 3 گھنٹے 18 منٹ 4 سیکنڈ میں مقررہ فاصلہ طے کیا۔ انہوں نے پاکستان میں تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرنے والے ادارے دی سٹیزنز فاؤنڈیشن کے لیے عطیات جمع کرنے کی غرض سے ریس میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں:کرکٹ شائقین کا انتظار ختم ، پی ایس ایل 12 کی تاریخوں کا اعلان

شکاگو میراتھون کی اہمیت

شکاگو میراتھون دنیا کی معروف ورلڈ میراتھون میجرز میں شامل ہے۔ رواں سال ایونٹ میں 55 ہزار سے زائد رنرز نے حصہ لیا۔ 42.195 کلومیٹر طویل ریس کا آغاز اور اختتام گرانٹ پارک میں ہوا، جبکہ اس کا راستہ شہر کے 29 مختلف علاقوں سے گزرا۔

ایلیٹ ریس میں کینیا اور ایتھوپیا کے ایتھلیٹس کی کامیابی

مینز ایلیٹ ریس میں کینیا کے ایموس کیپروٹو نے 2 گھنٹے ایک منٹ 9 سیکنڈ میں کامیابی حاصل کی۔ ایتھوپیا کے تاڈیسے بیکیلا دوسرے اور ملکسا مینگیشا تیسرے نمبر پر رہے۔

ویمنز ایلیٹ ریس میں ایتھوپیا کی ہاوی فیسا نے 2 گھنٹے 13 منٹ 33 سیکنڈ میں کامیابی حاصل کرکے اپنے اعزاز کا دفاع کیا۔ کینیا کی شیرون لوکیڈی دوسرے اور بریگیڈ کوسگئی تیسرے نمبر پر رہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق، خواتین کی میراتھون میں پہلی مرتبہ ایک ہی ریس کے دوران3ایتھلیٹس نے 2 گھنٹے 15 منٹ سے کم وقت میں مقررہ فاصلہ مکمل کیا۔ شکاگو میراتھون میں پاکستانی رنرز کی شرکت نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی کھیلوں میں دلچسپی اور طویل فاصلے کی دوڑ میں ان کی محنت کو نمایاں کیا۔

editor

Related Articles