چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، کونسے فیصلے متنازع شمار ہوئے اور کن فیصلوں کو پزیرائی حاصل ہوئی؟

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، کونسے فیصلے متنازع شمار ہوئے اور کن فیصلوں کو پزیرائی حاصل ہوئی؟

چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی تیرا ماہ بطور چیف جسٹس فرائض انجام دینے کے بعد ریٹائر ہوگئے. 17 ستمبر 2023 کو چیف جسٹس کا منصب سنبھالنے کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے عام اور خاص نوعیت کے کئی فیصلے دیئے۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے کئی فیصلے متنازع شمار ہوئے تو بطور چیف جسٹس آف پاکستان ان کے کیہ فیصلوں کو پزیرائی حاصل ہوئی۔ وہ ایک آئین پسند جج کے طور پر مشہور ہوۓ تاہم پاپولسٹ اپروچ کے تحت انکے فیصلوں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی، بطور چیف جسٹس انہوں نے آئین کو مقدم جانا اور پارلیمان کی بالادستی کو اپنے فیصلوں کے ذریعے مضبوط کیا۔

چیف جسٹس نے منصب سنبھالنے کے بعد سب سے پہلے خواتین کے حق وراثت بیوہ اور یتیم خواتین کو جائیداد میں حصہ نہ دینے اور مقدمے بازی کو طول دینے پر ان کے رشتے داروں کو جرمانے کا فیصلہ دیا۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسٰی کے منصب سنبھالنے سے لیکر اب تک اگر سیاسی کیسز کا جائزہ لیا جائے تو آئینی کیسز میں بیشتر فیصلے انکے دور میں آئے۔

پاکستان تحریک انصاف ان کی سربراہی میں مقدمات کے ہونے والے بیشتر فیصلوں سے ناخوش نظر آئی خواہ وہ نیب ترامیم کیس ہو یا آرٹیکل 63 اے کا فیصلہ۔ لیکن اس ناراضی میں زیادہ شدت 13 جنوری 2024 کے اس فیصلے سے آئی جس کی رو سے پاکستان تحریک انصاف کو اس کے انتخابی نشان بلے سے محروم کیا گیا۔

مخصوص نشستوں کا کیس 12 جولائی کو چیف جسٹس کی سربراہی میں سماعت کرنے والی 13 رکنی فل کورٹ نے 8،5 کا فیصلہ سنایا۔اس سے قبل 6 ستمبر 2024 کو چیف جسٹس کی سربراہی میں سماعت کرنے والے 5 رکنی بینچ نے پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے نیب قانون میں کی گئی ترامیم کو منظور کر لیا۔

9 جولائی 2024 کو چیف جسٹس، جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں سماعت کرنے والے 9 رکنی بینچ نے ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس پر تفصیلی فیصلے میں اپنی رائے دیتے ہوئے کہا تھا کہ سابق وزیراعظم کے مقدمے میں آئینی و قانونی ضابطے پورے نہیں کیے گئے نہ ہی ذوالفقار علی بھٹو کو فیئر ٹرائل کا حق دیا گیا اور مارشل لا ادوار میں عدالتیں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کر پاتیں۔

8 فروری عام انتخابات سے قبل 13 جنوری 2024 کو چیف جسٹس سربراہی میں سماعت کرنے والے 3 رکنی بینچ نے 12،13 گھنٹے کی سماعت کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان کی اپیل کو منظور کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو اس کے انتخابی نشان بلے سے اس بنا پر محروم کر دیا تھا کہ پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کرانے کا کوئی ثبوت عدالت میں جمع نہیں کرا سکی تھی۔

22 اگست 2024 کو چیف جسٹس کی سربراہی میں سماعت کرنے والے سپریم کورٹ کے بینچ نے توہین مذہب کے الزام میں انڈر ٹرائل ملزم مبارک ثانی کے فیصلے میں ترمیم کی۔ 6 فروری کو مبارک ثانی کی درخواست ضمانت کی فیصلے کی وجہ سے ملک کی مذہبی جماعتوں میں شدید بے چینی پیدا ہوئی۔ جس کے نتیجے میں سپریم کورٹ کے خلاف متعدد احتجاج بھی ہوئے۔

اس مقدمے کے نظرثانی فیصلے کے خلاف بھی بہت سے احتجاج ہوئے یہاں تک کہ 22 اگست کو سپریم کورٹ نے اپنے نظر ثانی شدہ فیصلے میں بھی ترمیم کر دی۔ چیف جسٹس کا منصب سنبھالتے ہی جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے الیکشن کمیشن کو احکامات جاری کیے کہ ہر صورت انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن نے ابتدائی طور پر 12 فروری جبکہ صدر مملکت عارف علوی سے مشاورت کے بعد 8 فروری کو عام انتخابات کے انعقاد کا اعلان کیا.

12 اکتوبر 2023 کو چیف جسٹس کی سربراہی میں سماعت کرنے والی فل کورٹ نے پی ڈی ایم حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کو منظور کر لیا۔ جبکہ اس سے قبل جسٹس عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں ایک بینچ نے اس ایکٹ پر حکم امتناع جاری کر دیا تھا۔

سویلین کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل سے متعلق مقدمے کی سماعت کے لئے چیف جسٹس، جسٹس قاضی فائز عیسٰی نے جسٹس ریٹائرڈ سردار طارق مسعود کی سربراہی میں ایک بینچ تشکیل دیا جس نے 12 دسمبر 2023 کو سپریم کورٹ کے گزشتہ فیصلے کو معطل کرتے ہوئے 9 مئی کے سویلین ملزمان کے فوجی عدالتوں میں ٹرائل کی اس شرط پر اجازت دی کہ ان مقدمات کے حتمی فیصلے جاری نہیں کیے جائیں گے۔ لیکن اس مقدمے کا اب تک حتمی طور پر فیصلہ نہیں ہو سکے.

editor

Related Articles