پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی راہداری ضمانت منظور کرلی

پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی راہداری ضمانت منظور کرلی

پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی 3 ہفتوں تک راہداری ضمانت منظور کرلی۔

پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ پر مشتمل دورکنی بینچ نے علی امین گنڈا پور کی مقدمات کی تفصیلات کیلئے دائر درخواست پرسماعت کی ۔عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو تین ہفتوں تک راہداری ضمانت دے دی۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی فائنل کال، مطالبات کی منظوری تک ہماری واپسی نہیں ہوگی، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

وکیل درخواست گزار نے عدالت میں کہا کہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف پنجاب اور دیگر صوبوں میں جتنے مقدمات ہیں ان کی تفصیلات فراہم کی جائیں۔ ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ نے اسلام آباد میں آئی ایم ایف کے اجلاس میں شرکت کے لیےبھی جانا ہے۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وزارت داخلہ سے بات چیت ہوئی ہے اور انہیں اس عدالت کے حکم کی سختی سے تعمیل کرنے کا کہا ہے۔عدالت کے احکامات پر عمل درآمد ہر صورت یقینی بنایا ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے پنجاب پولیس اور آئی جی سے تفصیلات طلب کی ہے۔ ہر ضلع کو خط بھیج دیا ہے اس میں وقت لگے گا اس لئے مزید وقت دیا جائے۔ ہم 3 ہفتوں میں رپورٹ جمع کریں گے۔

اس پر چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کہا کہ ہم وفاق سے جواب طلب کرسکتے ہیں۔ پنجاب کی حد تک ہم حفاظتی ضمانت دے سکتے ہیں۔ جسٹس صاحبزادہ اسداللہ نے ریمارکس دیئے کہ یہ وزیراعلیٰ ہیں ان کو اور بھی کام کرنے ہوتے ہیں۔ وزیراعلیٰ ایک عوامی نمائندہ ہے۔ روزانہ عدالت تو نہیں آسکتے۔ صوبے کو وزیراعلیٰ کی توجہ کی ضرورت ہے، عوام نے اس کو ووٹ دیا ہے۔

عدالت نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت 17 دسمبر تک ملتوی کردی۔

editor

Related Articles