امریکا میں ایک ایسا حیران کن واقعہ پیش آیا ہے جہاں 11 ماہ کے بچے کوزمین میں زندہ دفن کردیا گیا، لیکن خوش قسمتی سے پولیس نے اسے 24 گھنٹے بعد بحفاظت باہر نکال لیا۔
یہ واقعہ امریکی ریاست ساؤتھ کیرولائنا کی لیکسنگٹن کاؤنٹی میں پیش آیا، جہاں پولیس کے مطابق بچے کے والد نے اسے ایک کریٹ میں رکھ کر زمین میں دبا دیا تھا۔ بچے کا نام کوا شارپی بتایا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق بچے کو زمین کی تقریباً ایک فٹ گہرائی سے برآمد کیا گیا۔ جس کریٹ میں اسے رکھا گیا تھا، اس کے گرد تولیے لپیٹے گئے تھے۔ بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت اب بہتر بتائی جا رہی ہے۔
پولیس اہلکاروں نے بتایا کہ جب بچے کو زمین سے باہر نکالا گیا تو وہ رونے لگا۔ ایک پولیس اہلکار کے مطابق اس وقت بچے کے رونے کی آواز ان کے لیے دنیا کی سب سے خوشگوار آواز تھی۔
پولیس کے مطابق بچے کے والد، 25 سالہ مائیکل کومر کو بچے کی بازیابی سے ایک رات قبل ڈکیتی اور گرفتاری کے دوران مزاحمت کے الزامات میں حراست میں لیا گیا تھا۔ حکام اب اس واقعے کے سلسلے میں مزید قانونی کارروائی کی تیاری کر رہے ہیں۔
واقعے سے قبل کوا اپنی دادی کی نگرانی میں تھا، تاہم اس کا والد اسے وہاں سے لے گیا تھا۔ پولیس نے سب سے پہلے مائیکل کومر کے والد کے گھر کی تلاشی لی، جہاں بچے کی موجودگی کے شواہد ملے، لیکن وہ وہاں موجود نہیں تھا۔
اس کے بعد پولیس نے مختلف مقامات کی ویڈیو ریکارڈنگ کا جائزہ لیا، مگر بچے کا سراغ نہ مل سکا۔ والد کی گرفتاری کے بعد پولیس نے بچے کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کردیا۔
تلاش کے دوران پولیس ٹیم کو مائیکل کومر کے والد کے گھر کے قریب درختوں کے درمیان تازہ کھودی گئی مٹی دکھائی دی۔ جب اہلکاروں نے وہاں کھدائی شروع کی تو انہیں زمین کے اندر سے بچے کے رونے کی آواز سنائی دی۔
پولیس کے اندازے کے مطابق بچہ تقریباً 24 گھنٹے زمین کے اندر رہا۔ حکام کا خیال ہے کہ کریٹ کے گرد لپیٹے گئے تولیوں کی وجہ سے اس کے اندر کچھ ہوا موجود رہی، جس سے بچے کے زندہ رہنے میں مدد ملی۔ بچے کی بحفاظت بازیابی کے بعد پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔