سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کی سلامتی ہے؛ اجتماعی دفاعی وعدوں پر عملی پیش رفت شروع ہو چکی ہے: لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری

سعودی عرب کی سلامتی پاکستان کی سلامتی ہے؛ اجتماعی دفاعی وعدوں پر عملی پیش رفت شروع ہو چکی ہے: لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری

پاکستان نے سعودی عرب کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ موجودہ حالات میں پاکستان سعودی عرب کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کو تیار ہے۔ مشترکہ دفاعی اتحاد کے تحت اجتماعی دفاعی وعدوں پر عمل درآمد کا مرحلہ شروع ہو رہا ہے، جس کے تحت سعودی عرب کو دفاعی مقاصد کے لیے فوجی اہلکاروں، عسکری صلاحیتوں، تربیت اور لاجسٹک معاونت فراہم کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے عرب اخبار الشرق الاوسط کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب اور حرمین شریفین کی سلامتی پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ پاکستان موجودہ حالات میں سعودی عرب کے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام کرنے کے لیے تیار ہے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون پہلے سے موجود مضبوط تعلقات کا اہم حصہ ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کو دفاعی مقاصد کے لیے فوجی اہلکار، عسکری صلاحیتیں، تربیت اور لاجسٹک معاونت فراہم کرے گا۔ پاکستانی فوجی پہلے ہی سعودی عرب میں مختلف ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں، جن میں دفاعی معاونت، مشترکہ فوجی مشقیں اور تربیتی سرگرمیاں شامل ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون محض ایک رسمی تعلق نہیں بلکہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور باہمی سلامتی کے مشترکہ مفادات کی عکاسی کرتا ہے۔ مشترکہ دفاعی اتحاد کے تحت اجتماعی دفاعی ذمہ داریوں پر عملی پیش رفت شروع ہوچکی ہے اور پاکستان ان ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے تیار ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے سعودی عرب پر حالیہ حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے سعودی شہروں، ہوائی اڈوں اور شہری و اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنانے والے حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہری آبادی، اہم تنصیبات اور اقتصادی مراکز کو نشانہ بنانا خطے کے امن و استحکام کے لیے تشویش ناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردوں کی ایک اور منظم منصوبہ بندی خاک میں مل گئی، پولیس کی بروقت کارروائی سے تمام جوان محفوظ

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی اور حرمین شریفین کا تحفظ پاکستان کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے اور پاکستان اس حوالے سے اپنے عزم پر قائم ہے۔ دفاعی تعاون کے تحت دونوں ممالک کے درمیان فوجی تربیت، مشقوں اور دیگر شعبوں میں اشتراک جاری رہے گا۔

دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایران کے ساتھ سفارتی رابطوں اور علاقائی کشیدگی کم کرنے کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ 26 اکتوبر کو تہران میں ایران کے ساتھ ہونے والی ملاقات کا بنیادی مقصد خطے میں کشیدگی کم کرنے اور اس حوالے سے قابل عمل لائحہ عمل تیار کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران ملاقات میں شرکت پاکستان کی جانب سے مذاکرات، سفارتی رابطوں اور تنازعات کے پرامن حل کی حمایت کا واضح اظہار تھی۔ پاکستان خطے میں مزید کشیدگی نہیں بلکہ امن، استحکام اور باہمی تعاون کا خواہاں ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کے مطابق چاروں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس پیش رفت سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان دفاعی ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی حل تلاش کرنے کے لیے بھی اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔

انہوں نے اپنے انٹرویو میں واضح کیا کہ پاکستان ایک طرف سعودی عرب کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے تو دوسری جانب خطے میں امن کے قیام، مذاکرات کے فروغ اور تنازعات کے پرامن حل کی کوششوں کی بھی حمایت کرتا ہے۔

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون، مشترکہ مشقوں اور عسکری تربیت کا طویل سلسلہ دونوں ممالک کے باہمی اعتماد کی بنیاد ہے، جبکہ موجودہ علاقائی صورتحال میں اجتماعی دفاعی ذمہ داریوں پر عمل درآمد کے آغاز کو دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Qaisar Mirza
editor

Related Articles