اساتذہ کے لیے بڑی سہولت، تمام غیر تدریسی ذمہ داریاں ختم کرنے کا حکم

اساتذہ کے لیے بڑی سہولت، تمام غیر تدریسی ذمہ داریاں ختم کرنے کا حکم

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد کے اسکولوں اور کالجوں کو امن و امان کی صورتحال کے دوران پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کے قیام کے لیے استعمال کرنے پر پابندی عائد کردی ہے۔

وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی ہے کہ اساتذہ کو تدریسی ذمہ داریوں کے علاوہ کسی دوسرے سرکاری کام پر مامور نہ کیا جائے اور تعلیمی اداروں کو صرف پڑھائی اور تدریسی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا جائے۔

یہ ہدایات اسلام آباد کے تعلیمی شعبے سے متعلق ایک حالیہ اجلاس میں جاری کی گئیں۔ اجلاس کے بعد وزیراعظم آفس نے وزارت تعلیم کو تحریری احکامات بھجوائے، جس کے بعد وزارت نے بدھ کے روز اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کو فیصلے سے آگاہ کردیا۔

 یہ بھی پڑھیں:لاہور فیصل آباد کے مسافروں کا انتظار ختم، پاکستان ریلوے نے بڑی خوشخبری سنا دی

وزارت تعلیم کے خط کے مطابق وفاقی نظام تعلیمات کے تحت چلنے والے اسکولوں اور کالجوں کی عمارتیں، کلاس رومز اور دیگر سہولیات قانون نافذ کرنے والے ادارے اہلکاروں کی تعیناتی، عارضی کیمپوں، حراستی مراکز یا دیگر انتظامی سرگرمیوں کے لیے استعمال نہیں کرسکیں گے۔

وزیراعظم نے اساتذہ کو انتخابات، مردم شماری اور گھروں کے سروے سمیت دیگر انتظامی سرگرمیوں میں بھی شامل کرنے سے روک دیا ہے۔ وزارت تعلیم نے پہلے سے تفویض کی گئی ایسی تمام ذمہ داریاں فوری طور پر منسوخ کرنے کی ہدایت کی ہے۔

یہ احکامات اسلام آباد کے چیف کمشنر، چیئرمین سی ڈی اے، آئی جی پولیس، سیکریٹری داخلہ اور ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامت تعلیمات کو بھی ارسال کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال ستمبر میں پاکستان تحریک انصاف کے متوقع احتجاج سے قبل اسلام آباد کے 38 سرکاری اسکول اور کالج ایک سے تین ہفتوں کے لیے بند کردیے گئے تھے تاکہ وہاں پولیس اہلکاروں کو ٹھہرایا جاسکے۔

وفاقی نظام تعلیمات کے ایک اہلکار کے مطابق پولیس اہلکار 24 ستمبر کو تعلیمی اداروں میں منتقل ہونا شروع ہوئے تھے، جبکہ احتجاجی ریلی 27 ستمبر کو شیڈول تھی۔ اس اقدام سے ہزاروں طلبہ کی تعلیم متاثر ہوئی تھی۔

editor

Related Articles